بس کے اندر سوراخ سے لڑکی گرکر ہلاک

نارائن پیٹ۔/9اپریل، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نارائن پیٹ آر ٹی سی بس ڈپو کی خانگی بس کے ڈرائیور، کنڈکٹر اور مالک کی مجرمانہ غفلت کے نتیجہ میں ایک 5سالہ کمسن لڑکی کی قیمتی جان ضائع ہوگئی۔ تفصیلات کے بموجب نارائن پیٹ ڈپو کی ایک خانگی آرڈینری بس مکتھل سے نارائن پیٹ آرہی تھی۔ اس بس کے درمیانی سیٹوں کے نیچے ٹین نہ ہونے کے سبب ایک سوراخ بنا ہوا تھا

جس پر ٹاٹ ڈال دی گئی تھی۔ مسافرین میں ایک خاتون جو نارائن پیٹ کے بی سی کالونی سے تعلق رکھتی ہے اپنے تین بچوں کے ساتھ سفر کررہی تھی۔ اس خاتون کی پانچ سالہ بچی سواتی بس میں کھیلتے ہوئے اس سوراخ سے نیچے گر گئی اور برسر موقع فوت ہوگئی۔ ماں کی چیخ پکار پر ڈرائیور نے بس روک کر راہ فرار اختیار کی۔ بعد ازاں نارائن پیٹ بس ڈپو کے روبرو برہم عوام نے زبردست احتجاج کیا اور دھرنا دیا۔ خانگی بس کے مالک کے دو لاکھ روپئے کے ایکس گریشیا دینے کے وعدہ پر دھرنا برخواست کیا گیا۔