بس میں سوار ہونے کے دوران سی آئی ڈی انسپکٹر ہلاک

حیدرآباد۔/17ڈسمبر، ( سیاست نیوز) جوبلی بس اسٹیشن میں پیش آئے ایک المناک سڑک حادثہ میں سی آئی ڈی انسپکٹر ہلاک ہوگیا۔ سائبر آباد ریجنل سی آئی ڈی آفس سے وابستہ انسپکٹر تروپتی راؤ ضلع کریم نگر آج شام ڈیوٹی انجام دینے کے بعد کریم نگر بذریعہ بس واپس لوٹنے کیلئے چلتی بس میں سوار ہونے کی کوشش میں وہ بس کے عقبی ٹائر کی زد میں آگئے۔ اس حادثہ میں مسٹر تروپتی راؤ برسر موقع ہلاک ہوگئے۔اس حادثہ کے بعد جوبلی بس اسٹیشن پر سنسنی پھیل گئی اور سی آئی ڈی کے انسپکٹر جنرل شریمتی چارو سنہا اور دیگر عہدیدار وہاں پہنچ کر حادثہ سے متعلق تفصیلات حاصل کی۔ بتایا جاتا ہے کہ مہلوک انسپکٹرکا تعلق ورنگل رینج سے تھا اور وہ سی آئی ڈی میں گزشتہ ایک سال سے خدمات انجام دے رہے تھے۔ پولیس نے اس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کرلیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔