بزم آئینہ کرنول کا خصوصی شمارہ محرم نمبر کا اجراء

کرنول ۔ 13 ۔ نومبر ( ای میل ) ماہنامہ ’’ بزم آئینہ ‘‘ کرنول کا خصوصی شمارہ محرم نمبر کا رسم اجراء آج درگاہ حضرت سید اسحاق ثناء اللہ قادری میں ہوئی ۔ یہ رسم اجراء سجادہ نشین سید انور باشاہ قادری کے ہاتھوں عمل میں آیا اس موقعہ پر مولانا مفی مستقیم احمد فیضی کے علاوہ جامعہ قمرالہدیٰ کے معتمد سید نوراللہ قادری اور خازن سید مبشرپاشاہ قادری اراکین سید مرشد پیر قادری کے علاوہ پبلشر بزم آئینہ سید قدرت اللہ قادری وغیرہ شریک رہے اجراء کے بعد سید انور پاشاہ قادری سجادہ نشین درگاہ حضرت سید اسحاق ثناء اللہ قادری المعروف روضہ درگاہ نے بتایا کہ بزم آئینہ کا یہ خصوصی شمارہ قابل دید ہے اس میں مشتمل مضامین ’’ کربلا آج بھی ہے فوج یزید آج بھی ہے اسرار شہادت سیدنا امام حسین ‘‘ لائق مطالعہ ہیں ۔ سجادہ نشین نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ کی تقسیم کے بعد اردو میں شائع ہونے والا یہ منفرد شمارہ ہے جو آندھراپردیش سے پابندی سے شائع ہورہا ہے انہوں نے کہا کہ اس پرچہ کی ترقی کیلئے اردو داں طبقے کو مل جل کر کوشش کی بیحد ضرورت ہے ۔