بریلی ۔ 4 اگست (سیاست ڈاٹ کام) کم از کم 6 افراد بشمول ایک بچہ دو فرقوں کے درمیان ایک جھڑپ کے دوران زخمی ہوگئے۔ یہ جھڑپ باہیری قصبہ میں مویشیوں کی افزائش نسل کے بارے میں تنازعہ کا نتیجہ تھی۔ دو فرقے کل رات شیر نگر کے علاقہ میں ایک دوسرے پر سنگباری پر اُتر آئے تھے۔ ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ پولیس برجیش سریواستو نے کہا کہ الزام عائد کیا گیا ہے کہ ایک فرقہ کے ارکان نے دوسرے فرقہ کے محلّے پر حملہ کیا اور سنگباری کی۔ جھڑپ کی اطلاع ملنے پر سینئر پولیس عہدیدار مقام واردات پر پہنچ گئے۔ پی اے سی اور پولیس کی جمیعت تعینات کردی گئی۔ بی جے پی رکن اسمبلی چھترپال گنگوار پولیس اسٹیشن پہنچ گئے، ان کے ساتھ ان کے حامی بھی تھے۔ یہ سب خاطیوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کررہے تھے۔ گنگوار میں 31 افراد کو نامزد کرتے ہوئے ایک تحریری شکایت درج کروائی ۔ دریں اثناء دوسرے فرقہ کے ارکان نے کہا کہ کوئی سنگباری نہیں ہوئی۔ جھوٹا مقدمہ درج کروایا گیا ہے۔ سب ڈیویژنل مجسٹریٹ رامیشور ناتھ تیواری نے کہا کہ حالانکہ قصبہ میں نقض امن پیدا ہوا ہے، لیکن خاطیوں کو بخشا نہیں جائے گا اور گہری نگرانی جاری ہے۔