حیدرآباد۔ 20 ڈسمبر (سیاست نیوز) نارسنگی کے علاقہ میں ایک دلسوز واقعہ پیش آیا جہاں آٹو ڈرائیور کی لاپرواہی کے سبب ایک کمسن طالب علم کی موت ہوگئی۔ اسکولی طلبہ کی حمل و نقل کے متعلق پولیس و محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے جاری اقدامات ناکافی ثابت ہورہے ہیں۔ اسکولی بچوں کی حفاظت کیلئے آٹو ڈرائیور، بس ڈرائیور اور دیگر ذریعہ حمل و نقل پر پولیس کی گرفت ناکافی اور کمزور ثابت ہورہی ہے۔ ضرورت سے زیادہ طلبہ کی سواری، غیرمعیاری گاڑیاں، بے لگام رفتار،غیرتجربہ کار ڈرائیورس کی کارکردگی میں اسکول انتظامیہ کے علاوہ محکمہ ٹرانسپورٹ اور پولیس بھی برابر کے قصوروار تصور کئے جارہے ہیں۔ نارسنگی کے علاقہ میں آج ایک آٹو ڈرائیور کی بے لگام رفتار کے سبب سے 8 سالہ شیخ انس فوت ہوگیا۔ انس ، اسکول سے بذریعہ آٹو واپس ہورہا تھا کہ بے لگام رفتار کے سبب انس آٹو سے گر گیا اور شدید زخمی حالت میں جانبر نہ ہوسکا۔ انس گنڈی پیٹ علاقہ کے ساکن شیخ پاشاہ کا بیٹا تھا جو دوسری جماعت کا طالب علم تھا۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے۔