برقی ٹرانسفارمر پھٹ پڑا، امکانی حادثہ ٹل گیا

حیدرآباد ۔ /11 جنوری (سیاست نیوز) پرانی حویلی بیت القائم کے قریب آج ٹرانسفارمر جنکشن میں اچانک ۔ آگ پر بروقت قابو میں لانے کیلئے مقامی عوام فائر انجن عملہ کو مسلسل فون پر آگاہ کرتے رہے لیکن انہیں کوئی اطمینان بخش جواب موصول نہ ہوا اور تقریباً ایک گھنٹے کی تاخیر سے فائر انجن عملہ وہاں پہونچا ۔ محکمہ فائر کی مبینہ لاپرواہی سے پرانی حویلی میں واقع رہائشی علاقے کے عوام کو خطرہ لاحق ہوگیا تھا ۔ بتایا جاتا ہے کہ آج شام شارٹ سرکٹ کے سبب ٹرانسفارمر جنکشن میں آگ لگ گئی تھی ۔ مقامی نوجوانوں کی جانب سے برقی تار کے کنکشن کو کاٹ دیا گیا تھا اس کے باوجود بھی آگ میں شدت پیدا ہوگئی تھی اور ٹرانسفارمر دھماکے سے پھٹ پڑنے کا خطرہ پیدا ہوگیا تھا ۔ اس واقعہ کے بعد مقامی عوام میں سنسنی پھیل گئی اور راہ چلتے راہ گیر ٹرانسفارمر کی آگ کو دیکھنے کیلئے کثیرتعداد میں جمع ہوگئے جس کے سبب ٹریفک کا بہاؤ متاثر ہوگیا تھا ۔ میرچوک پولیس نے مقام حادثہ پر پہونچکر عوام کو وہاں سے منتشر کیا ۔