برقی لوڈ شیڈنگ پر عمل آوری

بیدر۔ 30 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاست میں اس وقت برقی لوڈ شیڈنگ پر عمل آوری کی جارہی ہے۔ وزیر برقی ڈی کے شیو کمار نے بتایا کہ برقی پیداوار میں کمی ہوئی ہے جس کی وجہ سے لوڈ شیڈنگ پر عمل آوری کرنا ضروری ہوگیا ہے۔ آج ریاستی کونسل میں انہوں نے بتایا کہ ریاست میں جو برقی کی ضرورت ہے۔ اس میں اضافہ ہوا ہے، جبکہ برقی پیداوار میں کمی ہوئی ہے۔ کے پی سی ایل کی جانب سے 700 میگاواٹ گنجائش کے ڈی ٹی پی ایس تیسرے یونٹ قائم کرنے کیلئے اقدامات کئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ رائچور، بڑدی، بیجاپور، کوڑگی کے بشمول مختلف مقامات پر برقی پیداوار کرنے اقدامات کئے گئے ہیں۔ وزیر برقی نے بتایا کہ ریاست میں آبپاشی پمپ سیٹس کیلئے 24 گھنٹے برقی سپلائی کرنے حکومت پابند ہے۔ 11KV ایس ٹی لائن کو برقی سب سنٹر سے علیحدہ فیڈر بناکر برقی سربراہ کی جائے گی۔ این ایس بھوس راج کے سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر برقی نے بتایا کہ کسان یہ مطالبہ کررہے ہیں کہ انہیں دن کے 24 گھنٹے برقی چاہئے۔ حکومت کو درخواست داخل کی گئی تو انہیں 24 گھنٹے برقی فراہم کی جائے گی۔ ریاستی کونسل میں وقفہ سوالات کے دوران جناب سید مدیر آغا کے سوال کا جواب دیتے ہوئے برقی وزیر نے بتایا کہ موسم گرما میں برقی کی کمی نہ ہو توجہ دی جارہی ہے۔ کسانوں کو 10 ایچ پی یونٹ کیلئے 10 روپئے ایک یونٹ کے سوال کا جواب دیتے ہوئے برقی وزیر نے بتایا کہ موسم گرما میں برقی کنکشن لینے کیلئے آگے آئے ہیں۔ ایچ ٹی لائن کی تبدیلی سے کسانوں کو فائدہ ہورہا ہے۔