برقی شاک سے زخمی خاتون کی موت

حیدرآباد /28 مارچ ( سیاست نیوز ) برقی شاک کی زد میں آکر ایک خاتون مشتبہ طور پر فوت ہوگئی ۔ چندا نگر پولیس حدود میں یہ واقعہ پیش آیا ۔ پولیس چندا نگر کے مطابق 30 سالہ ممتا جو چندا نگر علاقہ کے ساکن گوپی کی بیوی مکان میں پانی بھرنے میں مصروف تھی ۔ اس دوران 18 مارچ کو یہ خاتون برقی شاک کی زد میں آگئی ۔ پانی بھرنے کیلئے برقی مشین کے استعمال کے دوران ممتا مشتبہ طور پر برقی شاک کی زد میں آگئی اور شدید متاثر ہوگئی ۔ جس کو فوری ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں علاج کے دوران وہ کل رات فوت ہوگئی ۔

مہلک مرض کے انکشاف پر ایک شخص کی خودکشی
حیدرآباد /28 مارچ ( سیاست نیوز ) مہلک مرض کے انکشاف سے دلبرداشتہ ایک شخص نے خودکشی کرلیا ۔ یہ واقعہ حبیب نگر پولیس حدود میں پیش آیا ۔ پولیس حبیب نگر کے مطابق 30 سالہ سید محمود خان پیشہ سے کار ڈرائیور اے پی ایس آئی ڈی ای میں کام کرتا تھا جو دارالسلام علاقہ کا ساکن بتایا گیا ہے ۔ سال 2014 میں اس شخص کے پیر پر زخم ہوا تھا اور انفکشن کے سبب اس شخص کا علاج جاری تھا ۔ حبیب نگر پولیس نے بتایا کہ حالیہ دنوں اس شخص کو مہلک مرض لاحق ہونے کا انکشاف ہوا جس سے وہ دلبرداشتہ ہوگیا جس کے بعد اس نے کل رات پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ حبیب نگر پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔