برقی بحران پر 6 ماہ میں قابو پانے کے ٹی آر کا دعویٰ

تلنگانہ بھون میں مئی ڈے تقاریب ، کانگریس اور تلگو دیشم پر تنقید
حیدرآباد ۔ یکم مئی (سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی و شہری ترقی کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت نے اندرون 6 ماہ برقی بحران پر قابو پالیا ہے جبکہ کانگریس پارٹی دعویٰ کر رہی تھی کہ تلنگانہ میں برقی بحران مزید شدت اختیار کرے گا۔ ٹی آر ایس ہیڈکوارٹر تلنگانہ بھون میں کے ٹی آر نے مئی ڈے تقاریب میں حصہ لیا۔ انہوں نے اس موقع پر پارٹی پرچم لہرایا اور مزدوروں کو اس دن کی مبارکباد پیش کی۔ تقریب میں وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی، رکن قانون ساز کونسل پی راجیشور ریڈی ، میئر حیدرآباد بی رام موہن اور کارپوریٹرس نے شرکت کی ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ کانگریس دور حکومت میں برقی کیلئے عوام دھرنا دینے پر مجبور تھے۔ کانگریس حکومت عوام بالخصوص زرعی شعبہ کو برقی سربراہی میں ناکام ثابت ہوئے۔ ناکام برقی پالیسی کے سبب صنعتوں کیلئے برقی تعطیل کا اعلان کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاور ہالی ڈے کے سبب کئی صنعتوں کو بند کردیا گیا اور ہزاروں مزدور بیروزگار ہوگئے۔ ٹی آر ایس نے اقتدار کے 6 ماہ میں برقی بحران پر قابو پالیا ۔ تمام شعبہ جات کو بلا وقفہ برقی سربراہ کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ زرعی شعبہ کو 24 گھنٹے برقی کی سربراہی کے سی آر حکومت کا کارنامہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں کیلئے ڈبل بیڈروم مکانات تعمیر کئے جارہے ہیں۔ اس اسکیم میں ہزاروں مزدور کام کر رہے ہیں۔ کانگریس اور تلگو دیشم نے عوام کی بھلائی کے لئے کچھ نہیں کیا ۔ کے سی آر جو عوام کے دلوں میں ہے ۔ انہوں نے غریبوں اور کمزور طبقات کی بھلائی کا بیڑہ اٹھایا ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت محض اعلانات نہیں بلکہ ان پر عمل آوری میں یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کو عوام مسترد کرچکے ہیں۔ وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر ہمیشہ مزدوروں کے مسائل کی یکسوئی میں دلچسپی کا اظہار کرتے رہے ۔ انہوں نے غیر منظم ورکرس کیلئے فلاحی اسکیمات شروع کرنے کی ہدایت دی ہے۔ رکن قانون ساز کونسل پی راجیشو ریڈی نے کہا کہ سماج کا ہر طبقہ کے سی آر کے ساتھ ہے۔ کانگریس دور حکومت میں بنیادی مسائل کے حل کیلئے عوام احتجاج کا راستہ اختیار کرنے پر مجبور تھے لیکن ٹی آر ایس حکومت نے اپنے طور پر مسائل کی یکسوئی کردی ہے۔