برقی بحران سے نمٹنے کجریوال کا نریندر مودی کو مکتوب

نئی دہلی 11 جون (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی سربراہ اروند کجریوال نے دارالخلافہ میں گزشتہ کئی دنوں سے جاری برقی بحران کے سنگین مسئلہ کی یکسوئی کے لئے وزیراعظم نریندر مودی سے مداخلت کرنے کی استدعا کی۔ عام آدمی پارٹی کے ایک قائد کے مطابق اروند کجریوال نے نریندر مودی کو ایک مکتوب تحریر کیا ہے جس میں اُنھوں نے وزیراعظم سے استدعا کی ہے کہ وہ برقی بحران کی یکسوئی کے لئے پیشرفت کریں جس نے دہلی کے عوام کو پریشان کر رکھا ہے جیسا کہ دارالخلافہ دہلی میس اس وقت صدر راج کا نفاذ ہے لہذا عام آدمی پارٹی قائدین کا کہنا ہے کہ مرکز میں چونکہ بی جے پی برسر اقتدار ہے لہذا برقی بحران کی یکسوئی کی ذمہ داری بھی بی جے پی حکومت پر عائد ہوتی ہے۔ کل عام آدمی پارٹی ایم ایل ایز نے مرکزی وزیر ہرش وردھن کی رہائش گاہ کے روبرو احتجاجی مظاہرہ کیا تھا اور مطالبہ کیا تھا کہ مرکزی حکومت برقی بحران سے عاجلانہ طور پر نمٹتے ہوئے شہریوں کو راحت فراہم کرے۔ شہر میں برقی سربراہی کا اتنا بُرا حال شاید کسی دیہات یا قصبہ میں بھی نہیں ہوتا ہوگا۔ ایک تا چھ گھنٹوں تک برقی سربراہی منقطع رکھنا دہلی جیسے شہر کیلئے مناسب نہیں جو ملک کا دارالخلافہ ہے۔ آٹھ دس روز پہلے آئے شدید طوفان سے پاور ٹرانسمیشن کی اہم لائنوں کو نقصان پہنچا تھا لیکن اُن کی عاجلانہ مرمت اور درستگی کرتے ہوئے برقی بحران پر قابو پایا جاسکتا تھا۔ اُس پر طرہ یہ کہ دہلی کے شہریوں کو شدید گرمی سے بھی راحت نہیں ملی ہے جہاں کم سے کم درجہ حرارت 31.2 ڈگری سیلسیس نوٹ کیا گیا جبکہ محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی ہے کہ جمعہ تک شہر میں گرج اور چمک کے ساتھ بارش ہونے کے امکانات ہیں اور آئندہ دو دنوں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 ڈگری سیلسیس کے آس پاس رہے گا۔