برطانیہ کے ایڈمنڈ نے جوکویچ کو شکست دی، نڈال جیتے

میڈرڈ، 10 مئی (سیاست ڈاٹ کام) برطانیہ کے کائل ایڈمنڈ نے اپنے کیریئر کی سب سے بڑی جیت درج کرتے ہوئے دنیا کے سابق نمبر ایک کھلاڑی سربیا کے نوواک جوکویچ کو میڈرڈ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے دوسرے راؤنڈ میں تین سٹ میں 6۔3 ،2۔6 ،6 ۔3 سے الٹ پھیر کا شکار بنا دیا۔اگرچہ موجودہ نمبر ایک کھلاڑی اسپین کے رافیل نڈال نے جیت کے ساتھ تیسرے راؤنڈ میں داخلہ حاصل کر لیا ہے ۔ دو مرتبہ کے چمپئن جوکویچ نے اس سال ابھی تک ایک بھی فیصلہ کن سٹ نہیں جیتا ہے اور وہ اس سے پہلے مارٹن کلجان، ڈومنیکن تھیم اور ڈینیل سے فیصلہ کن سٹ ہارے ہیں اور اسی فہرست میں اب ایڈمنڈ کا نام بھی جڑ گیا ہے ۔ ایڈمنڈ نے 30 سالہ سربیا ئی کھلاڑی کی فیصلہ کن سٹ کے آٹھویں گیم میں سروس بریک کرتے ہوئے اس سال اپنی 14 ویں جیت درج کرلی۔دنیا کے 22 ویں نمبر کے انگلش کھلاڑی نے جیت کے بعد کہا کہ نوواک کو ہرانا بہت اچھا تجربہ رہا۔اب وقت آ گیا ہے جب ہم ان کھلاڑیوں کو ہرا سکتے ہیں۔ برطانوی کھلاڑی کا تیسرے راؤنڈ میں آٹھویں سیڈ بلجیم ڈیوڈ گوفن کے ساتھ مقابلہ ہوگا۔ گزشتہ کافی عرصے سے کہنی کی چوٹ میں مبتلا رہے جوکویچ گزشتہ سال ومبلڈن کے بعد سے کسی ٹورنامنٹ کے آخری آٹھ میں نہیں پہنچے ہیں۔وہ گذشتہ ماہ مونٹی کارلو اور بارسلونا میں بھی جلد باہر ہو گئے تھے ۔ 12 بار کے گرانڈ سلام چمپئن نے کہا کہ میرے ساتھ بہت سی چیزیں ٹھیک نہیں چل رہی ہیں۔ لیکن مجھے اپنے کھیل پر کام کرنا ہوگا اور امید کرنی ہوگی کہ میرا کھیل آنے والے دنوں میں مضبوط ہوگا۔ دوسری طرف عالمی نمبر ایک کھلاڑی نڈال نے کلے کورٹ پر مسلسل 20 ویں میچ جیت درج کرتے ہوئے میڈرڈ اوپن میں چھٹے خطاب کے لئے اپنا دعوی اور مضبوط کر لیا۔ہسپانوی کھلاڑی نے فرانس کے گائل مونفلس کو 6۔3 ،6۔1 سے شکست دی۔ 31 سال کے نڈال کو اوپننگ راؤنڈ میں بائی ملی تھی۔انہوں نے میچ میں 17 ونرس لگائے اور دوسرے سٹ میں 13 سروس پوائنٹ میں سے ایک ہی پوائنٹس گنوایا اور فتح اپنے نام کر لی۔ ہسپانوی کھلاڑی نے اسی کے ساتھ کلے کورٹ پر مسلسل 48 سٹ جیتنے کی کامیابی بھی اپنے نام کر لی ہے ۔وہ اب امریکہ کے جان میکنرو کے سال 1984 میں کلے پر مسلسل 49 سٹ جیتنے کے ریکارڈ سے صرف ایک سٹ ہی دور ہیں۔