لندن18 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) برطانوی اولمپک گولڈ میڈلسٹ ایتھلیٹ محمد فرح کو ایک اور اعزاز سے نوازا گیا۔ ٹریک اینڈ فیلڈ میں ان کی شاندار خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے مشہور عالم میدام تساو کے عجائب گھر میں ان کے دو مومی مجسمے نمائش کیلئے رکھے گئے ہیں۔ دونوں مجسموں کی رونمائی خود 31 سالہ ایتھلیٹ نے کی۔ مجسمے ان کے روایتی انداز میں دونوں ہاتھ سر پر مخصوص طریقے سے باندھے ہوئے بنائے گئے ہیں۔ ایک مجسمے کو برطانوی ایتھلیٹکس ٹیم کا یونیفارم جبکہ دوسرے کو وہ لباس پہنایا گیا ہے
جو انہوں نے گذشتہ ہفتے لندن مراتھن کے موقع پر استعمال کیا تھا۔ واضح ہے کہ اولمپکس میں 5 ہزار اور 10 ہزار میٹرس کی دوڑ کے چیمپین لندن مراتھن میں آٹھویں نمبر پر رہے تھے۔ فرح مراتھن میں پہلی مرتبہ دوڑے تھے۔ تقریب رونمائی کے دوران مذکورہ ایونٹ میں اپنی ناکامی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ابھی سب کچھ ختم نہیں ہوا ہے، میں واپس آوں گا۔ لندن میرا شہر ہے، میں یہیں پروان چڑھا ہوں، اس لیے سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کہ میں کسی اور شہر میں مراتھن ریس میں حصہ لیتا۔ ایک شکست سے مایوس نہیں۔ میرے لیے وہ ایک شاندار تجربہ تھا، جان گیا ہوں کہ اس قسم کے مقابلوں میں کیسے حصہ لیا جاتا ہے۔ آئندہ دیگر ایتھلیٹس کیلئے سخت حریف ثابت ہوں گا۔