برصغیر کی ادبی شخصیت انتظار حسین کا لاہور میں انتقال

حیدرآباد ۔ 2 ۔ فروری : ( راست ) : ممتاز مزاح نگار جناب مجتبیٰ حسین کی اطلاع کے بموجب برصغیر ہند و پاک کے سرکردہ افسانہ نگار ادیب و کالم نگار جناب انتظار حسین کا آج لاہور میں طویل علالت کے باعث انتقال ہوگیا ۔ اردو دنیا میں وہ بے حد مقبول شخصیت تھے ۔ اور انہوں نے کئی تصانیف کے ذریعہ اردو ادب کو مالا مال کیا ۔ وہ ایک بے مثال افسانہ نگار ، ناول نگار اور کھلے ذہن کے دانشور تھے ۔ ہندوستان کے ادبی و علمی حلقوں میں بھی وہ بڑی عزت کی نگاہ سے دیکھے جاتے تھے ۔ انہیں کئی اعزازات سے نوازا گیا اور دنیا کی کئی زبانوں میں ان کی تصانیف کے ترجمے ہوئے ۔ وہ اکثر ہندوستان کا دورہ کیا کرتے اور ہند ۔ پاک دوستی کے گہرے قائل تھے ۔ تقریبا تین دہائی قبل وہ روزنامہ سیاست کے توسیعی لکچر کے لیے حیدرآباد آئے ۔ بعد ازاں انہوں نے زندہ دلان حیدرآباد کی تقاریب میں بھی شرکت کی تھی ۔ آپ کی عمر 90 سال تھی ۔ کچھ عرصہ قبل ان کی اہلیہ کا انتقال ہوا تھا ۔ جناب مجتبیٰ حسین ، پروفیسر بیگ احساس ، جناب مضطر مجاز ، جناب قدیر زماں اور جناب مظہر الزماں خاں نے جناب انتظار حسین کے انتقال کو اردو ادب و زبان کا بھاری نقصان قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی رحلت سے دنیائے اردو ادب میں جو خلا پیدا ہوا اسے پر کرنا ممکن نہیں ۔۔