حیدرآباد ۔ 5 ستمبر (سیاست نیوز) راچہ کنڈہ پولیس کی اسپیشل آپریشن ٹیم نے بردہ فروشی کے ریاکٹ کو بے نقاب کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ میں ملوث دو افراد کو گرفتار کرلیا اور 6 متاثرہ خواتین کو ان کے چنگل سے آزاد کرا لیا۔ بتایا جاتا ہیکہ یادگیر گٹہ پولیس نے ڈپٹی کمشنر پولیس یادادری مسٹر ٹی رام چندرن ریڈی کی زیرقیادت قحبہ گری کے اڈہ پر دھاوا کرتے ہوئے دو دلالوں کو گرفتارکرلیا۔ بتایا جاتا ہیکہ کے شنکر اور کے یادگیری کم عمر لڑکیوں کو جسم فروشی کے کاروبار میں ڈھکیل رہے تھے۔ قحبہ گیری کا اڈہ چلائے جانے کی اطلاع پر رچہ کنڈہ پولیس نے دھاوا کرتے ہوئے دو افراد کو گرفتار کرلیا۔ بتایا جاتا ہیکہ کے یادگیری پر سابق میں پی ڈی ایکٹ بھی نافذ کیا گیا تھا لیکن جیل سے رہا ہونے کے بعد وہ دوبارہ سرگرم ہوگیا اور جسم فروشی کا کاروبار چلا رہا تھا۔