بردوان میں ٹی ایم سی ۔ سی پی ایم جھڑپ

بردوان ( مغربی بنگال ) ۔ 2 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) سی پی ایم اور ترنمول کانگریس کے کارکنوں کے درمیان مغربی بنگال کے ضلع بردوان میں آج خطرناک جھڑپ ہوئی جس میں کئی افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے ۔ ایک پولیس عہدیدار نے یہ بات بتائی ۔ عہدیداروں کے بموجب سی پی ایم کرشک سبھا کے ارکان نے آج سارے ضلع بردوان میں احتجاجی مظاہرے کئے اور مطالبہ کیا کہ دھان کیلئے اقل ترین امدادی قیمت میں اضافہ کیا جائے اور بیروزگاروں کو روزگار کے مواقع فراہم کئے جائیں ۔ پولیم پور کے مقام پر کرشک سبھا کے ارکان نے دھان سڑک پر پھیلا دئے اور مظاہرہ کیا ۔ مظاہرہ اس وقت ختم ہوا جب پولیس نے مداخلت کی ۔ جب یہ گروپ واپس ہو رہا تھا ترنمول کانگریس کے کارکنوں نے کھالیر پل میں اس پر حملہ کیا ۔ انہوں نے لاٹھیوں ‘ راڈز وغیرہ کا آزادانہ استعمال کیا ۔ کہا گیا ہے کہ سی پی ایم لیڈر شیخ قیصر اور سابق زونل سکریٹری شدید زخمی ہوگئے جنہیں بردوان میڈیکل کالج ہاسپٹل میں شریک کیا گیا ہے ۔ دوسرے پارٹی کارکن بھی زخمی ہوئے ہیں۔ بردوان ایس پی کنال اگروال نے کہا کہ صورتحال قابو میں ہے ۔ اس دوران ترنمول کانگریس نے آج کے حملے میں اپنے کسی رول کی تردید کی ہے ۔