بردوان میں قطار سے متعلق معلومات کیلئے ایس ایم ایس

بردوان( مغربی بنگال )۔/2مئی، ( سیاست ڈاٹ کام ) الیکشن کیو مینجمنٹ سسٹم جو بردوان ڈسٹرکٹ میں 30اپریل کو منعقد کی گئی رائے دہی میں پہلی بار متعارف کیا گیا تھا، اُسے انتہائی کامیاب قرار دیا جارہا ہے کیونکہ کم و بیش 22,800 ووٹرس کی جانب سے ایس ایم ایس کئے گئے جن کے ذریعہ قطاروں کے موقف کے بارے میں معلومات طلب کی گئی تھی۔

بردوان ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اور ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر (DEO) سمترا موہن نے کہا کہ بردوان۔ درگا پور اور بردوان ۔ پوربا کی دولوک سبھا نشستوں کیلئے رائے دہی کے روز22,800 ووٹرس کی جانب سے ایس ایم ایس کے ذریعہ قطاروں کے موقف کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کی گزارش کی گئی تھی، جہاں وہ یہ جاننا چاہتے تھے کہ ان کے علاقوں میں واقع کن کن پولنگ بوتھس پر کتنی طویل قطاریں ہیں۔ بہ الفاظ دیگر وہ یہ جاننا چاہتے تھے کہ قطاروں میں ووٹرس کی تعداد زیادہ ہے یا کم۔