برتھ ڈے گرل سندھو کوارٹر فائنل میں داخل ، سائناکوشکست

جکارتہ۔5 جولائی(سیاست ڈاٹ کام)اولمپک میں ہندوستان کیلئے سلور میڈل حاصل کرنے والی تیسری سیڈ پی وی سندھو نے آج اپنی 23 ویں سالگرہ مقابلہ میںکامیابی کے ساتھ منائی ہے۔سندھو اور آٹھویں سیڈ ایچ ایس پرنے نے اپنی کامیاب مہم جاری رکھتے ہوئے دوسرے مرحلے میں جیت حاصل کرکے انڈونیشیااوپن سوپر سیریز ٹورنمنٹ کے کوارٹر فائنل میں داخلہ حاصل کرلیا جبکہ سائنا نہوال کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔اولمپک سلور میڈل جیتنے والی سندھو نے دوسرے مرحلے میں جاپان کی ایا اہوری کو36 منٹ میں 17۔21، ۔14۔21سے شکست دیکر آخری آٹھ میں جگہ بنالی اور جاپانی کھلاڑی کے خلاف اپنا ریکارڈ 0۔5 کرلیا۔ گزشتہ ہفتہ ملائشین اوپن کے سیمی فائنل تک پہنچنے والی سندھو کا کوارٹر فائنل میں مقابلہ آٹھویں سیڈ چین کی ہی بنگجیاؤ سے ہوگا جن کے خلاف ہندوستانی کھلاڑی کا 5۔5 کا ریکارڈ ہے ۔پہلے مرحلے میں زبردست مظاہرہ کرتے ہوئے سوپر ڈین کے نام سے مشہور چین کے لین ڈین کو شکست دینے والے پرنے نے تائپے کے وانگ جی وئی کو ایک گھنٹے طویل مقابلے میں 23۔21، 15۔21، 13۔21 سے شکست سے دوچار کیا۔ پرنے کا اب وانگ کے خلاف 2۔3 کا ریکارڈ ہوگیا ہے ۔پرنے کا اگلا مقابلہ تیسرے سیڈ چین کی شی یوکی سے ہوگا جن کے خلاف پرنے کا 3۔1 کا ریکارڈ ہے ۔گزشتہ ہفتہ ملائشین اوپن کے دوسرے مرحلے میں شکست برداشت کرنے والی سابق نمبر ایک سائنا کو یہاں بھی دوسرے مرحلے میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ سائنا کا دوسرے مرحلے میں پانچویں سیڈ چین کی چن یوفئی سے مقابلہ تھا اور چینی کھلاری نے 40ویں منٹ یہ میچ 18۔21، 15۔21 سے جیت لیا۔سمیر ورما نے پہلے مرحلے میں ڈنمارک کے رسمس گمکے کو ہرایا تھا لیکن دوسرے مرحلے میں انہیں ٹاپ سیڈ ڈنمارک کے وکٹر ایکسلسن سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ایکسلسن نے یہ مقابلہ 39ویں منٹ میں 15۔21، 14۔21 سے جیتا۔