نئی دہلی ، 23 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ماہرین اب بھی اس نکتہ پر غور و خوض میں مبتلا ہیں کہ سچن تنڈولکر آنجہانی آسٹریلیائی لیجنڈ ڈان براڈمین سے کہیں بہتر بیٹسمین کی حیثیت سے ریٹائرڈ ہوئے لیکن چینائی کے ایک مصنف کا دعویٰ ہے کہ انھیں باضابطہ ثبوت دستیاب ہوگیا ہے جس سے یہ ثابت کیاجاسکے کہ ہندوستانی ماسٹر بلاشبہ دونوں لیجنڈ کھلاڑیوں میں بہتر موقف کے حامل ہیں۔ تنڈولکر کی 41 ویں سالگرہ کے موقع پر جو انٹرنیشنل کرکٹ سے سبکدوشی کے بعد اُن کی پہلی سالگرہ ہے ، روڈالف لیمبرٹ فرنانڈیز نے ایک کتاب بعنوان ‘Greater Than Bradman’ پیش کی ہے جو یہ ثابت کرنا چاہتی ہے کہ لٹل ماسٹر تمام زمانوں کے عظیم ترین بیٹسمین ہیں۔ مصنف نے اس کتاب کے تعلق سے دعویٰ کیا ہے کہ یہ تصنیف سچن یا براڈمین کی کوئی اور سوانح حیات نہیں ۔یہ مختلف انٹرویوز ، میچ کے احوال اور ماہرین کی رائے پر مشتمل کوئی اور تالیف بھی نہیں۔ یہ خودنوشت بھی نہیں ہے ۔
یہ تجزیہ ہے ۔ یہ فارنسک جائزہ ہے کہ صحیح صحیح باتیں منظرعام پر لائی جائیں۔ اُن کا کہنا ہے کہ یہ اولین اور واحد کتاب ہے جو براڈمین کے عظیم بیٹسمین کی حیثیت سے رتبہ کو چیلنج کرتی ہے ۔ فرنانڈیز کی خواہش ہے کہ اس کتاب کی ایک کاپی تنڈولکر کے بھائی اجیت ، اُن کی اہلیہ انجلی اور اُن کے کوچ رما کانت اچریکر کو پیش کریں۔ فرنانڈیز نے کہا کہ میں اس کتاب کی کاپیاں ان تمام تینوں کو بہ نفس نفیس پیش کرنا چاہتا ہوں جو کئی طرح سے سچن کو اُن کی عظمت تک پہونچانے کے ذمہ دار رہے ہیں۔ اجیت ، اچریکر اور انجلی تینوں نے اپنا اپنا رول بخوبی نبھایا ہے ۔ یہ کتاب تنڈولکر کی بڑھائی کا جشن ہے اور اس بات کی خوشی بھی منائی گئی ہے کہ اُنھوں نے کرکٹ کے میدان میں اتنا سب کچھ حاصل کیا ہے ۔