براوو کا پاکستان کے دورہ کا اعلان

جمائیکا۔23 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) ویسٹ انڈیز کے سابق آل راؤنڈ ڈیوین براوو نے پاکستان سوپر لیگ(پی ایس ایل) کے چوتھے ایڈیشن کے لئے پاکستان کا دورہ کر نے کا اعلان کردیا ہے۔2004 میں بین الاقوامی کرئیر کا آغاز کرنے والے ویسٹ انڈیز کے آل راؤنڈ نے گزشتہ ماہ کرکٹ سے کنارہ کشی کا اعلان کردیا تھا لیکن وہ دنیا بھر میں لیگ کرکٹ کھیلنے کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ حال ہی میں پاکستان سوپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے لئے اسلام آباد میں منعقدہ ڈرافٹ میں پی ایس ایل فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے براوو کی خدمات حاصل کی ہیں۔براوو نے اپنے خصوصی پیغام میں پاکستان سوپر لیگ میں منتخب کرنے اور چوتھے ایڈیشن میں موقع فراہم کرنے پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پاکستان آنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ 2006 کے بعد پہلی مرتبہ پاکستان آئیں گے اور شائقین سے انہیں اورکوئٹہ گلیڈی ایٹرزکی حمایت کرنے کی درخواست کی۔