برانز میڈل زخموں پر مرہم کے مترادف : جوالہ گٹہ

نئی دہلی ۔ 30 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام ) باغی کھلاڑی کا نام دینے اور ارباب مجاز کی جانب سے ان پر پابندی عائد کئے جانے کے واقعات کا تذکرہ کرتے ہوئے ہندوستان کی نمبر ایک ڈبلس بیڈمنٹن کھلاڑی جوالہ گٹہ نے کہا کہ گزشتہ 6 ماہ کے دوران انھیں دی گئی تکلیف اور درد کی وجہ سے ان کے مظاہروں پر اس کا ہنوز اثر ہورہا ہے ۔ ہندوستان کی کامیاب ترین ڈبلز کھلاڑی تصور کی جانے والی جوالہ گٹہ جنھوں نے اپنے ایک طویل ترین کیرئیر میں ہندوستان کے لئے کئی میڈلس اور اعزازات حاصل کئے ہیں ، انھوں نے کہا کہ بیڈمنٹن اسوسی ایشن آف انڈیا کی تادیبی کمیٹی نے ان پر تاحیات پابندی عائد کرنے کی جو تجویز گزشتہ برس انڈین بیڈمنٹن لیگ میں دی تھی اُس سے انھیں کافی تکلیف ہوئی تھی ۔ حیدرآباد سے تعلق رکھنے والی 30 سالہ جوالہ گٹہ نے کہا کہ ایشین بیڈمنٹن چمپین شپ میں برانز میڈل کا حصول ان زخموں پر مرہم کا کام کیا ہے ۔ خبررساں ایجنسی پی ٹی آئی سے اظہار خیال کرتے ہوئے جوالہ گٹہ نے کہا کہ گزشتہ چھ ماہ کے دوران جو تکالیف مجھے دی گئیں اُس کی وجہ سے میں اس ایشین بیڈمنٹن چمپین شپ کی کامیابی کو پرجوش انداز میں نہیں منا پارہی ہوں لیکن یہ میرا ایک انتقام کے مترادف ہے ۔ انھوں نے مزید کہا کہ جو کچھ ہوا وہ غیرضروری تھا کیونکہ ایک کھلاڑی کے خلاف اس طرح کی حرکت نہیں ہونی چاہئے تھی کیونکہ میں نے جو کچھ بھی کارنامے انجام دیئے اس کے عوض دولت نہیں مانگی ۔

لوئس سواریز انگلش سیزن کے بہترین فٹبالر
لندن۔ 30 اپریل۔(سیاست ڈاٹ کام) لوئس سواریز نے اس سیزن میں لیورپول کیلئے 30 گول کئیہیں جس کی بدولت لیورپول کے لوئس سواریز کو پروفیشنل فٹبالرس اسوسی ایشن نے انگلش پریمیئر لیگ کے رواں سیزن کا بہترین فٹبالر قرار دیا ہے۔ انھیں یہ اعزاز لندن میں منعقدہ تقریب میں دیا گیا۔ یہ ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد یورا گوئے سے تعلق رکھنے والے 27 سالہ اسٹرائیکر نے کہا کہ پریمیئر لیگ میں بہت سے بہترین کھلاڑی موجود ہیں اس لئیان میں سے مجھے منتخب کیا جانا ایک بڑا اعزاز ہے۔ لوئس سواریز اس سال انگلش پریمیئر لیگ میں پابندی کی وجہ سے ابتدائی چھ میچ نہ کھیلنے کے باوجود سیزن میں 30 گولس کے ساتھ ٹاپ ا سکورر ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ میں ہمیشہ اپنی بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کرتا ہوں اور ایوارڈس کا ملنا بھی اچھا لگتا ہے لیکن لیورپول میں میرے ساتھی کھلاڑیوں اور عملے کی مدد کے بغیر میرے لئے یہ ایوارڈ جیتنا ممکن نہ تھا۔ انھوں نے ڈسمبر میں ہی لیورپول سے ساڑھے چار برس کا نیا معاہدہ کیا ہے اور اس موقع پر ان کا کہنا ہیکہ لیورپول کے شائقین سے ان کا تعلق اس معاہدے کی اہم وجہ بنا ہے۔