برازیل کی انڈر 17 ورلڈ کپ خطاب پر نظریں مرکوز

کولکتہ۔26 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام)برازیل انڈر 17 فٹبال ٹیم کے کوچ کارلوس آماڈیو چاہتے ہیں کہ ان کی ٹیم 14 برس بعد 28 اکتوبر کو سالٹ لیک اسٹیڈیم میں فیفا کا ورلڈ کپ اپنے نام کرے۔ ورلڈ کپ کے ڈرا کے موقع پر ہندوستان کا دورہ کرچکے کارلوس نے کہا ہے کہ ان کا خواب ہے کہ ان کی ٹیم یہاں ورلڈ کپ ٹرافی حاصل کرے۔ میڈیا سے اظہار خیال کرتے ہوئے کارلوس نے کہا کہ میں نے کولکتہ میں فٹبال کے جنون کے متعلق سنا ہے اور یہ ایک انتہائی بڑا میدان ہے جس کی ایک خوبصورت تاریخ ہے اور جس وقت میں وہاں تھا تو میں فائنل کے متعلق خواب دیکھ رہا تھا۔ 2003ء سے برازیل نے انڈر 17 ورلڈ کپ کا خطاب حاصل نہیں کیا ہے حالانکہ ماضی میں اس نے تین مرتبہ عالمی چمپین ہونے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ علاوہ ازیں چار مرتبہ کی چمپین ٹیم نائجیریا جو اس مرتبہ مین ٹورنمنٹ میں رسائی سے محروم ہوگئی ہے، اس کے بعد برازیل کا دوسرا نمبر ہے جس نے تین مرتبہ عالمی خطابات حاصل کئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ انڈر 17 ورلڈ کپ کے اعداد و شمار دیکھیں تو بخوبی اندازہ ہوجائے گا کہ جنوبی امریکہ اور یوروپ سے آگے آفریقہ ہے کیونکہ اس علاقہ سے تعلق رکھنے والی کوئی نہ کوئی کم از کم ایک ٹیم ہمیشہ ہی سیمی فائنل مقابلہ کھیلی ہے، لیکن اس مرتبہ مقابلے انتہائی مسابقتی ہوں گے کیونکہ یوروپی ٹیمس کے علاوہ امریکہ اور میکسیکو بھی اس مرتبہ انتہائی طاقتور اور خطاب کیلئے مضبوط دعویدار ہیں۔