بیلوہاریزونتے (برازیل) ۔ 27 جون (سیاست ڈاٹ کام) فیفا ورلڈ 2014ء کے میزبان ٹیم اس حقیقت سے اچھی طرح واقف ہے کہ کل یہاں راونڈ 16 میں کھیلے جانے والے مقابلہ میں چلی کے خلاف اسے سخت امتحاں کا سامنا ہے۔ برازیل کو چلی کے خلاف تاحال کھیلے گئے 68 مقابلوں میں صرف 8 مرتبہ ناکامی برداشت کرنی پڑی ہے اور گذشتہ 3 ورلڈ کپ کے دوران برازیل نے فتوحات حاصل کی ہیں اور ان مقابلوں میں میزبان ٹیم نے 11 گول کئے ہیں۔ علاوہ ازیں 2010ء ورلڈکپ کے اسی مرحلہ میں برازیل نے چلی کو 3-0 سے ایک آسان شکست دی تھی لیکن میڈ فیلڈر ولین نے کہا ہیکہ برازیلی شائقین کو خودبخود یہ امید نہیں کرنی چاہئے کہ گذشتہ کا مظاہرہ دہرایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان دنوں فٹبال بہت کچھ تبدیل ہوچکا ہے اور یقیناً برازیل نے ماضی میں چلی کو شکست دی ہے
لیکن رواں ورلڈ کپ میں چلی کے مظاہرہ انتہائی شاندار ہونے کے علاوہ اس کے حوصلے کافی بلند ہیں۔ نیدرلینڈس کے خلاف چلی کو 2-0 کی شکست برداشت کرنی پڑی جس کی وجہ سے اسے برازیل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ 1962ء کی میزبان چلی کو اس مرتبہ سے کوارٹر فائنل میں رسائی کا موقع نہیں ملا ہے اور اتفاق سے برازیل کے خلاف ہی اسے شکست برداشت کرنی پڑ رہی ہے۔ کل ایک اور مقابلہ میں یوروگوائے کو اپنے اسٹار کھلاڑی لوئیس سوریس کے حریف کھلاڑیوں کو کترنے کے تنازعہ سے باہر نکلتے ہوئے کولمبیا کے چیلنج کا سامنا کرنا ہے اور اسے اپنے اسٹار کھلاڑی پر عائد پابندی کی وجہ سے سوریس کی خدمات بھی حاصل نہیں ہوں گی۔ یوروگوائے کو جیمس راڈریگس اور ان کے کولمبیائی ساتھی کھلاڑیوں کے سخت چیلنج کا سامنا ہے۔
ورلڈ کپ کے پہلے مرحلے میں
ایک لاکھ90 ہزار ٹکٹ فروخت
ریوڈی جنیرو۔ 27 جون (سیاست ڈاٹ کام) برازیل میں کھیلے جانے والے فیفا ورلڈ کپ فٹبال کے ابتدائی مرحلہ میں ایک لاکھ90 ہزار ٹکٹ فروخت ہوئے، میچوں میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کے حوالے سے سب سے زیادہ ہم آہنگی دفاعی چمپیئن اسپین کے کھلاڑیوں میں نظر آئی لیکن اسپین کی ٹیم کے پہلے ہی مر حلے میں ٹورنمنٹ سے باہر ہوگئی۔