برازیل کا آج تیسرے مقام کیلئے ناقابل تسخیر ہالینڈ سے مقابلہ

براسیلا ۔ 11 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) فیفا ورلڈ کپ 2014ء کے تیسرے مقام کیلئے کل یہاں میزبان برازیل اور ٹورنمنٹ میں ناقابل تسخیر رہنے والی ٹیم ہالینڈ کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ برازیل نے ورلڈکپ سے قبل یہ امید کہی تھی کہ اسے اپنے گھریلو میدانوں پر کھیلے جانے والے ٹورنمنٹ میں خطاب حاصل کرنے کا بہترین موقع ملا ہے لیکن سیمی فائنل میں جرمنی کے خلاف 7-1 کی بدترین شکست کے بعد اس کا خواب چکناچور ہوگیا۔ سیمی فائنل میں اسے ٹیم کے اہم کھلاڑی نیمر کی خدمات دستیاب نہیں تھی لیکن کل وقار کیلئے کھیلے جانے والے اہم مقابلے میں کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھانے کیلئے نیمر ٹیم میں آ ملے ہیں۔

ٹیم کے کوچ لوئیس فلیپی اسکالری نے اپنے شائقین سے مطالبہ کیا ہیکہ وہ ٹیم کا حوصلہ بڑھائیں نہ کہ خطابی مقابلہ میں شرکت سے محروم ہونے کی مایوسی کو برقراری رکھیں۔ برازیل اس مقابلہ میں اپنے وقار کیلئے میدان میں اترے گی تو دوسری جانب نیدرلینڈ ٹورنمنٹ میں اپنے ناقابل تسخیر موقف کو برقرار رکھنے کیلئے کوشاں ہوگی کیونکہ اسے صرف ارجنٹینا کے خلاف سیمی فائنل میں بہتر مظاہرہ کے باوجود پنالٹی شوٹ پر شکست برداشت کرنی پڑی ہے۔ تیسرے مقام کیلئے میدان میں پہنچنے سے قبل ٹورنمنٹ میں ہالینڈ نے سابق چمپیئن اسپین، آسٹریلیا، میکسیکو اور کوسٹاریکا کو شکست دیتے ہوئے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی تھی جہاں اسے بہتر مظاہرہ کے باوجود ارجنٹینا کے خلاف پنالٹی شوٹ میں شکست برداشت کرنی پڑی ہے۔

کل کھیلا جانے والا مقابلہ برازیل اور نیدرلینڈ کے درمیان بارہواں مقابلہ ہوگا جہاں برازیل کو 3 کامیابیاں اور 3 ناکامیاں برداشت کرنی پڑی ہے جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان منعقدہ 5 مقابلے بغیر کسی نتیجہ کے ختم ہوئے ہیں۔ ورلڈ کپ کے دوران دونوں ٹیموں کے درمیان یہ پانچواں مقابلہ ہے جس میں ہالینڈ نے دو مرتبہ فتوحات حاصل کی ہیں جس میں حالیہ عرصہ میں حاصل کی جانے والی کامیابی 2010ء ورلڈکپ کا کوارٹر فائنل مقابلہ ہے جہاں ہالینڈ نے برازیل کو 2-1 سے شکست دی تھی۔ برازیل نے 1994ء میں کامیابی حاصل کرنے کے علاوہ 1998ء میں پنالٹی شوٹ کے ذریعہ حریف ٹیم کو 4-2 سے شکست دی تھی۔ ہالینڈ کیلئے یہ 1974 اور 1978 کے بعد دوسرا ایسا موقع ہے کہ وہ متواتر دو مرتبہ سرفہرست 4 ٹیموں میں اپنا مقام بنا چکی ہے۔

ہالینڈ نے کوارٹر فائنل سے قبل کھیلے گئے 4 مقابلوں میں 12 گولس کئے ہیں جبکہ کوارٹر فائنل اور سیمی فائنل جیسے اہم مقابلوں میں وہ گول کرنے میں ناکام رہی ہے۔ نیدرلینڈس کی ٹیم پنالٹی شوٹ میں خوش قسمت ثابت نہیں ہوتی کیونکہ اسے گذشتہ 7 مقابلوں میں 5 ناکامیاں برداشت کرنی پڑی ہیں جس میں ورلڈکپ اور یوروپین چمپیئن شپس بھی شامل ہیں۔ 1998ء کے بعد دوسری مرتبہ نیدرلینڈس کی ٹیم تیسرے اور چوتھے مقام کیلئے کھیلے جانے والے مقابلہ میں شرکت کررہی ہے جبکہ 98 میں بھی اسے کروشیا کے خلاف 1-2 کی شکست برداشت کرنی پڑی تھی۔ برازیل کا ٹورنمنٹ میں مظاہرہ معیاری نہیں رہا ہے جیسا کہ اس نے رواں ورلڈ کپ میں 1938ء کے بعد حریف ٹیموں کو 11 گولس بنانے کا موقع فراہم کیا ہے اور اب ایک اور مقابلہ باقی ہے جس میں اگر حریف ٹیم گول بناتی ہے تو برازیل کا یہ ورلڈ کپ میں بدترین مظاہرہ ہوگا۔