ماسکو۔5 جولائی(سیاست ڈاٹ کام) ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنمنٹ اختتامی مراحل کی طرف گامزن ہے۔ دنیا کے مقبول ترین کی عالمی کھیل میں صرف 8 ٹیمیں میدان میں رہ گئی ہیں۔ میگا ایونٹ میں کوارٹر فائنل مرحلہ جمعہ سے شروع ہوگا اور اس سلسلے کے دو میچ کھیلے جائینگے۔ پہلا میچ یوراگوئے اور فرانس کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائیگا جبکہ دوسرے میچ میں پانچ مرتبہ کی عالمی چیمپئن برازیل اور بلجئم کی ٹیمیں مدمقابل ہونگی۔ میگا ایونٹ میں ٹیموں کے درمیان عالمی خطاب کیلئے زبردست مسابقت جاری ہے۔ انگلینڈ پری کوارٹر فائنل میں سنسنی خیز انداز سے کولمبیا کو پینلٹی ککس پر زیر کرکے ناک آؤٹ مرحلے تک رسائی پانے والی آخری ٹیم بنی۔ روس میں جاری ٹورنمنٹ ہر لحاظ سے ریکارڈ ساز اور مقبول ترین ثابت ہورہا ہے۔ جمعہ کو یوروگوئے اور شاندار فارم میں موجود فرانس پہلے میچ میں مدمقابل ہوں گے۔ ورلڈکپ ٹورنامنٹس میں اب تک دونوں ٹیمیں سات مرتبہ آمنے سامنے آچکی ہیں۔ یوروگوئے نے دو اور فرانس نے ایک میچ جیتا ہے، چار ڈرا ہوئے ہیں۔ فرانس کے پاس کائلیان ایم باپے اور انٹوئن گریزمین جیسے برق رفتار اسٹرائیکر موجود ہیں تو یوروگوئے کو لوئس سوریز اور ایڈنسن کوانی کی خدمات حاصل ہوں گی۔ مبصرین کے مطابق مقابلہ کافی مسابقت اور بہت دلچسپ ہوگا۔ سٹے بازوں کی نظر میں فرانس کی کامیابی کے امکانات زیادہ ہیں، مقابلہ مقررہ وقت میں کسی گول کے بغیر برابر رہنے کے بعد پینلٹیز پر فرانس کی ٹیم کی فتح کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ کازان میں خطاب کے لئے سب سے زیادہ پسندیدہ ٹیم برازیل کا انتہائی مضبوط بلیجیم سے سامنا ہوگا۔ ورلڈکپ مقابلوں میں برازیل کا پلڑا 3۔1 سے بھاری ہے لیکن بیلجئم کی موجودہ کارکردگی اورکوارٹر فائنل میں دوگول کے خسارے میں جانے کے بعد جاپان کے خلاف حیران کن واپسی کرتے ہوئے 3-2 سے کامیابی نے اسے چپھی رستم ٹیم بنادیا ہے۔ بیلجئم نے میگا ایونٹ میں کسی بھی ٹیم سے زیادہ 12 گول اسکور کیے ہیں لیکن اس کے باوجود سٹے بازوں کے مطابق برازیل یہ میچ 2-0 سے جیت لے گی۔