برادر نسبتی کے حملے میں زخمی شخص فوت

حیدرآباد ۔ 5 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : برادر نسبتی اور اس کے ساتھیوں کے حملہ میں زخمی شخص فوت ہوگیا ۔ یہ واقعہ لنگر حوض پولیس حدود میں پیش آیا ۔ جہاں 38 سالہ شیخ ابراہیم کل رات فوت ہوگیا۔ جو گذشتہ روز اپنے برادر نسبتی اور ان کے ساتھیوں کے حملہ میں زخمی ہوگیا تھا ۔ مغل نگر لنگر حوض علاقہ کے ساکن شیخ ابراہیم اور اس کی بیوی میں اکثر جھگڑا ہوا کرتا تھا ۔ 3 اگست کے روز بھی دونوں جھگڑ پڑے ۔ اس دوران شیخ ابراہیم کی بیوی نے اپنے دونوں بھائیوں عمران اور عرفان کو جھگڑے کی اطلاع دی اور انہیں طلب کرلیا ۔ ان دو بھائیوں نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ شیخ ابراہیم کے مکان پہونچکر اس کی خوب پٹائی کردی ۔ کرکٹ بیاٹ اور وکٹوں کے ذریعہ شدید زد و کوب کیا جس کے بعد ابراہیم کو مکان کی چھت سے نیچے پھینک دیا ۔ شدید زخمی حالت میں ابراہیم کو دواخانہ منتقل کیا گیا جہاں علاج کے دوران وہ آج فوت ہوگیا ۔ پولیس نے ابراہیم کے بھائی محبوب علی کی شکایت پر قتل کا مقدمہ درج کرلیا ۔ انسپکٹر لنگر حوض مسٹر رتنم نے بتایا کہ عرفان اور عمران ، شیخ ابراہیم کے برادر نسبتی ہیں جنہوں نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ بہنوائی کا قتل کردیا ۔ پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کرلیا اور مصروف تحقیقات ہے ۔۔