خواتین کیلئے شادی کا دن بڑا ہی اہم ہوتا ہے یہی وجہ ہے کہ اسے خاص بنانے کی بھر پور تیاری کی جاتی ہے ۔عروسی لہنگا بہت سوچ وبچار کے بعد تیار کیا جاتا ہے۔زیور خریدنے سے پہلے بھی ہزار مشورے کئے جاتے ہیں۔البتہ شادی کے دن برائیڈل ہیئر اسٹائل کیساہو اس بارے میں ذراکم ہی سوچا جاتا ہے۔
شادی کے روز اکثر لڑکیاں عروسی جوڑے اور زیور پر تو خوب توجہ دیتی ہیں۔میک اپ تک بھی منتخب کر لیتی ہیں لیکن ہیئرا سٹائل کو شادی کے دن تک کیلئے بھول جاتی ہیں۔یا پھر ہیئراسٹائل مکمل طور پر بیوٹیشن کی مرضی پر چھوڑدیا جاتا ہے ،یہ طریقہ غلط ہے۔بیوٹیشن ماہر آرٹسٹ ضرور ہے لیکن آپ کی شخصیت کیلئے مناسب انداز کونسا ہے ؟یہ آپ زیادہ بہتر سمجھ سکتی ہیں۔ہمارا مشورہ ہے کہ شادی کے دن سے قبل اپنا برائیڈل ہیئر اسٹائل ایک بار ضرور آزمالیں۔سب سے بہتر طریقہ یہ ہے کہ آپ اور آپ کی بیوٹیشن برائیڈل لک کے حوالے سے ملکر کام کریں۔ان کی مہارت اور آپ کی سمجھ بوجھ بہترین فیصلہ کرنے میں مدد گار ہو گی۔شادی کے دن صرف عروسی جوڑا ہی بھاری بھر کم نہیں ہوتا بلکہ زیور اور پھول بھی وزنی ہوتے ہیں اگر آپ نے کبھی ہیئرا سٹائل بنوایا ہے تو یقینا جانتی ہوں گی کہ فینسی ہیئر اسٹائل کا وزن بھی کافی ہوتا ہے۔اس لئے یہ نہایت ضروری ہے کہ آپ شادی کے دن سے پہلے اس وزن سے واقف ہوں۔ایک اچھا برائیڈل ہیئر اسٹائل وہ ہے جو نہ صرف آپ کے عروسی لباس‘زیور اور میک اپ کے ساتھ مناسب اور خوبصورت نظر آئے بلکہ جو آپ کی شخصیت کو بھی خوبی سے ظاہر کر سکتا ہو۔زلف بنانے کا عروسی انداز سادہ دلکش اور خوبصورت ہونا چاہئے۔اگر یہ غیر ضروری طور پر بھاری بھر کم ہوا تو آپ کو پریشان بھی کر سکتا ہے۔اس دن ایسا ہیئرا سٹائل منتخب کریں جس پر آپ کو یقین ہو کہ یہ آپ کی شخصیت کا بھر پور اظہار کرنے کے قابل ہے۔