4 لاکھ روپئے مالیتی طلائی زیورات برآمد
حیدرآباد ۔ /26 ستمبر (سیاست نیوز) نارتھ زون پولیس نے بدنام زمانہ ایرانی ٹولی کے اہم رکن کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کرلی اور اس کے قبضے سے 4 لاکھ مالیتی مسروقہ طلائی زیورات برآمد کرلئے ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس نارتھ زون شریمتی بی سومتی نے بتایا کہ 68 سالہ فیاض علی جعفر حسین متوطن ممبئی ، مہاراشٹرا ، بدنام زمانہ ایرانی گینگ کا سرغنہ ہے اور توجہ ہٹاکر خواتین کو لوٹنے کے کئی وارداتوں میں ملوث ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بوئن پلی پولیس نے معمر ایرانی گینگ ٹولی کے سرغنہ جعفر حسین کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے ۔ پولیس کی ابتدائی تحقیقات میں یہ معلوم ہوا ہے کہ علاقہ بوئن پلی کارخانہ اور راجندر نگر علاقوں میں جعفر حسین نے اپنے ٹولی کے دیگر ارکان ایرانی لالہ ، مظلوم حسین قاسم ، عسکری ، حیدر علی ، وسیم فیروز اور دیگر کی مدد سے کئی وارداتیں انجام دی ہیں ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ایرانی گینگ کے ارکان خود کو پولیس عہدیدار ، طلائی زیورات کو پالش کرنے والے اور سرویس سنٹر سے تعلق رکھنے والے ملازمین ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے عوام بالخصوص خواتین کو نشانہ بنایا کرتے تھے ۔ پولیس نے اس کے قبضے سے 4 لاکھ مالیتی طلائی زیورات برآمد کئے ہیں اور مزید تحقیقات جاری ہے ۔