مناما۔ 2؍نومبر (سیاست ڈاٹ کام)۔ بحرین، روس سے اسلحہ حاصل کر رہا ہے۔ اس سلسلہ میں گزشتہ موسم گرما میں روسو بورون ایکسپورٹ کے ساتھ ایک معاہدہ پر دستخط کی گئی۔ بحرینی مملکتی وزیر امور اطلاعات اور سرکاری ترجمان سمیرا رجب نے ان خیالات کا اظہار روسی خبر رساں ایجنسی اٹار تاس کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں کیا۔ اس معاہدہ کے بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے محترمہ سمیرا رجب کا کہنا تھا کہ اس معاہدہ کے تحت مشترکہ فوجی تربیت کو فروغ دیا جائے گا۔ انھوں نے اس بھروسہ کا بھی اظہار کیا کہ باہمی اشتراک و تعاون میں مزید اضافہ ہوگا۔ محترمہ نے یہ بھی کہا کہ دونوں ملکوں میں سیاحت کو فروغ دینے اور ایک دوسرے کے سیاحوں کی تعداد کو برھانے کے ایک حصہ کے طورپر ماسکو میں بہت جلد سیاسی اور تہذیبی پروگرامس منعقد کئے جائیں گے۔ بحرینی وزیر امور اطلاعات نے روس کے دورہ کے موقع پر اتار تاس خبر رساں ایجنسی کا بھی دورہ کیا، جہاں انھیں میڈیا کی جانب سے اپنائی جا رہی عصری ٹکنالوجی کے بارے میں واقف کرایا گیا۔ محترمہ سمیرا رجب نے ماسکو کی تٹر کارلٹن ہوٹل میں روسی صحافیوں کے اعزاز میں استقبالیہ بھی ترتیب دیا۔ اس موقع پر انھوں نے روسی صحافیوں کو مملکت میں منعقد کئے جا رہے پارلیمانی و بلدی انتخابات کے بارے میں واقف کرایا۔ انھوں نے تمام ممالک کے صحافیوں سے بحرین آنے اور انتخابات کی رپورٹنگ کی درخواست کی۔