دبئی ۔ 24 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) بحرین میں پولیس نے کہا ہیکہ دارالحکومت مناما کے مغرب میں واقع شیعہ گاؤں میں دو دیسی ساختہ بم پھٹ پڑے۔ اس دوران بحرینی پولیس اور مظاہرین کے درمیان تصادم ہوگیا۔ اپوزیشن نے سرکاری عہدیداروں پر شیعہ سوگواروں پر حملہ کرنے کا الزام عائد کیا۔ بحرین کی شیعہ علاقوں میں آئے دن سیکوریٹی فورسیس اور عوام کے مابین جھڑپیں روزمرہ کا معمول بن گئی ہے۔ احتجاجیوں کا مطالبہ ہیکہ بحرین کے الخلیفہ حکمراں خاندان کو چاہئے کہ وہ تمام کلیدی کابینی عہدہ ایک منتخب حکومت کے سپرد کردیں۔ اپوزیشن شیعہ گروپ الوفاق نے الزام عائد کیا کہ سعار سیکوریٹی فورسیس نے شیعہ سوگواروں پر حملہ کیا۔ اس حملہ کے دوران زہریلی گیس استعمال کی گئی اور ایک مذہبی ادارہ کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجہ میں وہاں موجود ماتم گذاروں اور عزاداروں چند کے زخمی ہونے اور دم گھٹنے کی شکایت کی۔