بحران کے باوجود قطر کا ایل این جی کی پیداوار میں اضافہ کا منصوبہ

دوحہ ۔ 4 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) توانائی کی دولت سے مالامال قطر نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ کچھ سالوں میں قدرتی گیس کی پیداوار میں 30 فیصد اضافہ کرنے کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے حالانکہ اس وقت قطر کو اپنے پڑوسی ممالک کی جانب سے سفارتی بحران کا سامنا ہے۔ دریں اثناء قطر پٹرولیم کے سربراہ سعید شیریدالکابی نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 2024ء تک قطر میں قدرتی گیس کی پیداوار 100 ملین ٹن ہوجائے گی۔ اخباری رپورٹرس سے مسٹرکابی نے کہا کہ مذکورہ نئے پراجکٹ سے قطر کے موقف کو اہمیت حاصل ہوجائے گی اور اس طرح ایل این جی کے شعبہ میں ہماری حیثیت قائدانہ ہوگی۔ یاد رہیکہ اس وقت بھی لیکویفائڈ نیچرل گیس (ایل این جی) کی پیداوار میں قطر سرفہرست ہے جو سالانہ 77 ملین ٹن ایل این جی پیدا کرتا ہے اور آئندہ کچھ سالوں میں پیداوار میں اضافہہوکر یہ چھ ملین بیارلس یومیہ ہوجائے گی۔