’بحالت بیہوشی ٹب میں ڈوبنے سے سری دیوی کی موت‘

جامع تحقیقات کے بعد دبئی استغاثہ کی رپورٹ، کیس فائیل بند، نعش ورثا کے حوالے
ممبئی میں آج آخری رسومات
دبئی ؍ ممبئی 27 فروری (سیاست ڈاٹ کام) بالی ووڈ کی افسانوی اداکارہ سری دیوی جن کی موت پر ملک گیر سطح پر صدمے ، غیریقینی کیفیت اور کئی چبتے ہوئے سوالات اٹھ کھڑے ہوئے تھے ان کی نعش آج ممبئی پہونچ گئی جبکہ دبئی کے عہدیداروں نے فیصلہ کیا کہ ان کی موت ہوٹل کے باتھ ٹب میں حادثاتی طور پر گرکر غرق ہوجانے کے نتیجہ میں پیش آئی تھی ۔ کپور خاندان اور ایپن خاندان نے مداحوں کے رنج و غم کے اظہار پر ان سے اظہار تشکر کیا ۔ صنعتکار انیل امبانی کی جانب سے روانہ کردہ جٹ طیارہ 9.30 بجے شب ممبئی پہونچ گیا اور آخری رسومات کل 3.30 بجے دوپہر ادا کی جائیں گی ۔ انیل امبانی ان کی شریک زندگی ٹینا امبانی اور انیل کپور ایرپورٹ پر اس وقت موجود تھے جبکہ سری دیوی کی نعش لانے والا طیارہ ایرپورٹ پہونچا ۔ قبل ازیں بالی ووڈ اداکارہ سری دیوی کی مشتبہ حالات میں اچانک پُراسرار موت کا معمہ حل کرتے ہوئے دبئی کے عوامی استغاثہ کے دفتر نے یہ کہتے ہوئے تمام قیاس آرائیوں کو بالآخر ختم کردیا کہ وہ (سری دیوی) اپنے ہوش کھونے کے بعد باتھ ٹب میں گرتے ہوئے ڈوب جانے کے نتیجہ میں فوت ہوگئیں۔ چنانچہ جامع تحقیقات کے بعد کیس کو بند کرتے ہوئے ہوٹل روم میں موت کے تین دن بعد نعش ورثاء کے حوالے کردی گئی ہے جس کے ساتھ ہی آنجہانی خاتون سوپر اسٹار کے شوہر بونی کپور، سوتیلے بیٹے ارجن کپور نے مردہ خانہ سے نعش حاصل کرتے ہوئے آخری سفر کی تیاری کے لئے دبئی ایرپورٹ سے روانہ کردیا۔ خاندانی ذرائع کے مطابق ممبئی میں کل آخری رسومات انجام دی جائیں گی۔ اس دوران ممبئی فلمی صنعت کی سرکردہ شخصیات اور خاندانی دوستوں نے بونی کے چھوٹے بھائی انیل کپور کی رہائش گاہ پہونچ کر پرسہ دیا۔ سری دیوی کی دو بیٹیاں جوہو میں اپنے ماموں کے گھر مقیم ہیں۔ بونی کی فلم ’’نو انٹری‘‘ کے ڈائرکٹر انیس بزمی کے علاوہ شاہ رُخ خان، ان کی بیوی گوری، رجنی کانت، کمل ہاسن، رنویر سنگھ، دپیکا پڈکون، تبو، ریکھا، فرح خان، شبانہ اعظمی، جاوید اختر بھی پرسہ دینے والوں میں شامل ہیں۔ بالی ووڈ کی اہم شخصیات اگرچہ پرسہ دینے کے لئے انیل کپور کی رہائش گاہ پہونچ رہی ہیں لیکن لوکھنڈ والا بلڈنگ میں سری دیوی کی رہائش گاہ کے باہر ان کے چاہنے والوں کا بڑا ہجوم جمع ہوگیا ہے۔ دبئی حکومت کے میڈیا آفس کے سرکاری ٹوئیٹر ھینڈل دبئی میڈیا آفس نے سلسلہ وار ٹوئٹس میں لکھا کہ جامع تحقیقات کے بعد ہی نعش کو ورثاء کے حوالہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس کے بیان میں کہاکہ ’’دبئی عوامی استغاثہ نے ہندوستانی اداکارہ کی موت کی وجوہات کا پتہ چلانے کی گئیں جامع تحقیقات کے بعد ان کی نعش ورثاء کے حوالے کردی گئی‘‘۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’’دبئی عوامی استغاثہ نے اس قسم کے واقعات میں تحقیقات کے لئے استعمال کئے جانے والے تمام ضابطوں کی باقاعدہ تکمیل فارنسک رپورٹ کے مطابق ہوش کھونے کے بعد اتفاقی حادثہ کے طور پر غرقابی کے سبب ہندوستانی اداکارہ کی موت ہوئی ہے۔ اب یہ کیس بند کیا جاتا ہے‘‘۔ 54 سالہ سری دیوی جو ہندوستانی سنیما کی پہلی خاتون سوپر اسٹار بھی تھیں جمیرہ امارات ٹاورس کی ایک ہوٹل کے روم میں ہفتہ کو فوت ہوگئی تھیں۔ اس اچانک موت پر ان کے خاندان، دوستوں اور مداحوں پر سکتہ طاری ہوگیا تھا۔ موت کی تحقیقات کا مقدمہ بند کئے جانے کے بعد دبئی پولیس نے ہندوستانی سفارت خانہ کو سری دیوی کی نعش کی خاندان کو حوالگی کا مکتوب حوالے کردیا۔ ہندوستانی قونصل جنرل نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ہندوستانی سنیما کی سرکردہ اداکارہ کی نعش کو ہندوستانی قونصل خانہ اور ارکان خاندان کو حوالگی کا مکتوب جاری کردیا ہے‘‘۔ 54 سالہ سری دیوی کے سوتیلے بیٹے ارجن کپور بھی آج صبح دبئی پہونچ گئے جو اپنے والد بونی کپور کے ساتھ رہیں گے۔ بونی کپور نعش کی ممبئی منتقلی کے لئے ضابطہ کی کارروائی میں مصروف تھے۔ سری دیوی جو اپنے خاندانی رشتہ دار کی شادی کے لئے دبئی روانہ ہوئی تھیں تقریب کے بعد دیگر افراد خاندان ہند واپس ہوگئے تھے لیکن وہ بدستور دبئی میں مقیم تھیں۔ ان کے شوہر بونی اپنی چھوٹی بیٹی خوشی کپور کے ساتھ ممبئی واپس ہوگئے اور دوسری صبح ہی اپنی بیوی کو ’سرپرائز‘ دینے (حیرت زدہ کرنے) اچانک دوبارہ دبئی پہونچ گئے تھے۔