بجٹ سیشن : اسپیکر نے قائدین کا اجلاس طلب کیا

نئی دہلی۔ 18 فروری (سیاست ڈاٹ کام) اسپیکر لوک سبھا سمترا مہاجن نے سیاسی جماعتوں کے قائدین کی ایک میٹنگ 22 فروری کو طلب کی ہے تاکہ بجٹ سیشن کے پرسکون انعقاد کو یقینی بنایا جاسکے، جس کے دوران حکومت چھ حالیہ آرڈیننس کو قوانین میں بدلنے کی سعی بھی کرے گی۔ پارلیمانی ذرائع نے کہا کہ سمترا نے سیاسی پارٹیوں کے قائدین کا اجلاس 22 فروری کو ڈنر پر طلب کیا ہے جو بجٹ سیشن کا موقع ہے۔ اس اجلاس کا مقصد ایوان کی کارروائی کی پرسکون انداز میں تکمیل کرنا ہے۔ بجٹ سیشن جو 23 فروری کو شروع ہوکر 8 مئی کو اختتام پذیر ہوگا، اس میں گزشتہ سال مئی میں برسراقتدار آنے والی نریندر مودی حکومت کا پہلا مکمل بجٹ پیش کیا جائے گا۔ اس سیشن کے دوران حکومت کی پوری کوشش ہوگی کہ حال میں نافذ کردہ چھ آرڈیننس سے متعلق بل منظور کرلئے جائیں۔ یہ آرڈیننس کوئلہ ، کانکنی اور معدنیات اور ای ۔ رکشا ، قانونِ شہریت میں ترمیم ، حصول اراضی اور بیمہ شعبہ میں ایف ڈی آئی سے متعلق ہے۔