ترقی کے کوئی امکانات نہیں، مہنگائی کے خلاف اقدامات بھی ندارد، لوک سبھا میں مباحث
نئی دہلی، 8 فروری (سیاست ڈاٹ کام) اپوزیشن نے بجٹ کونوٹوں پر پابندی سے جوڑ کر حکومت پر آج شدید حملہ کیا اور کہاکہ نوٹوں پر پابندی معیشت کے لئے خودکش اور عوام کے خلاف سرجیکل اسٹرائیک ثابت ہوئی جس سے بجٹ مکمل طور پر بے سمتی کا شکار ہوگیا ۔ سال 18۔2017 کے بجٹ پر بحث کا آغاز کرتے ہوئے کانگریس کے ویرپا موئلی نے کہا کہ نوٹوں پر پابندی نے ملک اور لوگوں کو فائدے کے بجائے نقصان پہنچایا ہے ۔ اس سے معیشت کی رفتار سست پڑگئی۔ چھوٹے کاروباری، کسان اور مزدور بے حال ہو گئے اور ترقی کی شرح تھم گئی۔ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کو زد میں لیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کے ذہن کو یہ زبردست آئیڈیا شاید پاکستان سے ملا جہاں نوٹوں پر پابندی کے لئے کرپشن، دہشت گردی اور کالے دھن پر حملہ کے یہی سارے دلائل دیئے جا رہے تھے ۔ لگتا ہے کہ ’’اب ہم پاکستان کی پیروی کرنے پر اُتر آئے ہیں‘‘۔ موئلی نے کہا کہ ایک وقت تھا جب سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی نے بینکو ںکوقومیاتے ہوئے غریبوں کی پہنچ بڑھا دی تھی اور اب جو وقت آیا ہے اس میں وزیراعظم مودی نے نوٹوں پر پابندی لگاکر بینکو ںکو غریبوں کی دسترس سے باہر کردیا۔ وہ آج اپنا جمع پیسہ ہی اکاؤنٹس سے نہیں نکال پا رہے ہیں۔ حکومت کو اس کی کوئی پرواہ نہیں ۔ اس کی نظر میں تو جونوٹوں پر پابندی کی تائید کرے
وہ ایماندار اورجو مخالفت کرے وہ غدار اور کالے دھن والا ہے۔ انہوں نے بجٹ پر حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک بے سمت اور اُداسی پیدا کرنے والا بجٹ ہے ۔ نوٹوں پر پابندی جیسی بڑی مہم کے بعد امید کی جا رہی تھی کہ اس بجٹ میں نوٹوں پر پابندی کے صدمے سے نمٹنے معیشت کو درست بنانے ، مہنگائی دور کرنے ، روزگار بڑھانے اور ترقی جیسے بنیادی حوالوں سے راستے نکالنے کے ٹھوس اقدامات ہوں گے لیکن اس میں ایسی تمام کوششیں ندارد ہیں۔ سب سے بڑا المیہ تو یہ ہے کہ حکومت کے اس بجٹ، اقتصادی سروے اور وزیر اعظم کے پارلیمنٹ کے اندر اور باہر تقریروں میں کوئی ہم آہنگی نظر نہیں آتی۔ موئلی نے کہا کہ مجموعی طور پر بجٹ میں کچھ بھی ایسا نہیں ہے جو عوام کی توقعات، خواہشات پر کھرا اتر سکے ، معیشت کی رفتار بڑھا سکے اور بدلتے عالمی منظر نامے میں ہندستان کے مفادات کی حفاظت کرسکے ۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کے نئے صدر تحفظ کی جو پالیسی اپنا رہے ہیں اس سے ہندستانی آئی ٹی کی صنعت کو بچانے کے لئے بجٹ میں کچھ نہیں ہے ۔ ترنمول کانگریس کے پروفیسر سوگت رائے نے کہا کہ حکومت نوٹوں پر پابندی کی وجہ سے بجٹ کے ایک سے زیادہ مقاصد کو پورا کرنے کے قابل نہیں دکھائی دے رہی ہے ۔