بایاں بازو عوامی تائید حاصل کرنے میں ناکام

تھریسور ۔ 13 جون (سیاست ڈاٹ کام) مفلوج کردینے والی انتخابی ناکامی کے بعد سی پی آئی ایم کے جنرل سکریٹری پرکاش کرت نے آج اعتراف کیا کہ بایاں بازو عوام کو قائل کرنے میں ناکام رہا کہ وہ مزدور پیشہ افراد کی تائید میں جدوجہد کررہا ہے۔ وہ عوام کی تائید حاصل کرنے سے قاصر بھی رہا۔ مارکسٹ نامور قائد پی ایم ایس لمبودری پر یادگاری سمینار سے خطاب کرتے ہوئے پرکاش کرت نے کہا کہ عوام کے کئی طبقات بائیں بازوکی پارٹیوں سے دور ہوگئے۔ بائیں بازو کو آئندہ دنوں میں خوداحتسابی کرنا چاہئے۔ کل ہند سطح پر سیاست اور بائیں بازو کے سیاسی اصول جن پر وہ عمل پیرا ہیں، عوام کے کئی طبقات کی توجہ حاصل نہیں کرسکے۔ کچھ حد تک بایاں بازو عوام سے کٹ کر رہ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پی آئی ایم اور اس کی حلیف پارٹیوں نے اس انتخابی ناکامی کی وجوہات کا تجزیہ کیا ہے اور یہ نتیجہ اخذ کیا جاچکا ہے کہ ہم بائیں بازو کو متبادل کے طور پر پیش کرنے سے قاصر رہے یا پھر عوام کو اچھی طرح اور جامع طور پر سمجھا نہیں سکے کہ بایاں بازو ہی متبادل ثابت ہوسکتا ہے۔