مسروقہ زیورات اور رقم ضبط، کمشنر ٹاسک فورس کی کارروائی
حیدرآباد۔/15ڈسمبر، ( سیاست نیوز) باکسر سے رہزن بننے والے ایک شاطر سارق کو کمشنر ٹاسک فورس پولیس نے گرفتارکرلیا۔ ٹاسک فورس کی سنٹرل زون ٹیم نے ایک کارروائی کے دورن 39سالہ کنا نرسنگ راؤ ساکن شیواجی نگر اپوگوڑہ کو گرفتار کرلیا اور اس کے قبضہ سے طلائی زیورات ، ایک موٹر سیکل، ایک ہیلمٹ اور موبائیل فون کو ضبط کرلیا جس کی کُل مالیت 7 لاکھ روپئے بتائی گئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ نرسنگ راؤ باکسنگ کی تربیت دیتا تھا اس نے کئی ریاستی سطح کے مقابلوں میں حصہ لیا اور گولی پورہ کے گراؤنڈ میں باکسنگ کی تربیت بھی دیتا تھا۔ سال 2006 میں اس کے والد کو ریٹائرمنٹ کے بعد اس نے ذمہ داری کو پورا کرنے کیلئے مختلف ذریعہ معاش تلاش کیا اور قرض میں مبتلا ہوگیا جس کے بعد اس نے آسان ذریعہ سے پیسہ کمانے کیلئے رہزنی شروع کردی اور موٹر سیکل پر اکیلے وارداتیں انجام دیتا تھا۔ سرقہ اور رہزنی میں اس کا کوئی ساتھی شامل نہیں رہتا تھا بلکہ وہ موٹر سیکل پر نمبر پلیٹ بدل بدل کر وارداتیں انجام دیتا تھا اور پولیس کی آنکھ میں دھول جھونک رہا تھا، پہلے علاقہ کا معائنہ کرنے کے بعد تنہا اور ضعیف خواتین کو نرسنگ راؤ نشانہ بناتا تھا اور واردات انجام دینے کے بعد آسانی سے غائب ہوجاتا تھا۔ ایسے راستوں کا انتخاب کرتا تھا جن راستوں پر کیمرے نہیں ہوتے۔ بالآخر سنٹرل زون ٹاسک فورس ٹیم نے اس شاطر سارق کو گرفتار کرلیا اور مزید تحقیقات کے لئے گاندھی نگر پولیس کے حوالے کردیا۔