بال ٹمپرنگ بین الاقوامی مسئلہ : لانگر

سڈنی ۔2 نومبر (سیاست ڈاٹ کام )آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم کے کوچ جسٹن لانگر نے دعویٰ کیا ہے کہ بے جان وکٹوں کے باعث بال ٹیمپرنگ ایک بین الاقوامی مسئلہ ہے تاہم ٹیم میں ان کی موجودگی میں اسی طرح کے کسی واقعہ کے امکان کو مسترد کر دیا۔ جسٹن لانگر نے کہا کہ انہیں آسٹریلیائی کھلاڑیوں کی جانب سے کیپ ٹاون ٹسٹ میں گیند کو خراب کرنے کے لیے میدان میں جان بوجھ کر ریگ مال استعمال کرنے کی واقعہ پر افسوس ہوا تھا۔ خیال رہے کہ رواں سال کے شروع میں جنوبی افریقہ کے خلاف ٹسٹ سیریز کے دوران آسٹریلیا کے کھلاڑیوں کی جانب سے جان بوجھ کر گیند کو خراب کرنے کا اسکینڈل سامنے آیا جس کے بعد ہیڈ کوچ ڈیرن لیہمن نے استعفیٰ دے دیا اور جسٹسن لانگر کو ان کی جگہ ٹیم کا کوچ مقرر کیا گیا ہے۔ لانگر نے اعتراف کیا کہ یہ ایسا معاملہ نہیں ہے جس کو نظرانداز کیا جائے۔ اپنے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ میں ایک لمحے کے لیے بھی نہیں سوچ سکتا کہ ہم نے میدان میں ریگ مال کیسے استعمال کیا جس کی مجھے کوئی سمجھ نہیں آتی۔ مجھے جتنی معلومات ہیں اس کے مطابق بال ٹیمپرنگ کا یہ مسئلہ لوگوں کے ساتھ بین الاقوامی طور پرموجود ہے۔لانگر کے بموجب عالمی طور پر بال ٹیمپرنگ کا مسئلہ مردہ وکٹوں کے باعث موجود ہے جو اپنی برتری کے لیے اکساتا ہے۔ میرے خیال میں کئی مسائل ہیں جن میں سے ایک ہے کہ دنیا بھر میں وکٹوں کو ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے تاکہ گیند اسی طرف جائے جس طرف گیند سونگ یا اسپن ہولیکن اس نکتے کی نشاندہی میں ہم نے غلطی کی تھی۔میں آپ سے وعدہ کرسکتا ہوں کہ یہ دوبارہ نہیں ہوگا کیونکہ ہمیں آسٹریلیا کو قابل فخر بنانا ہے۔