بالی ووڈ کے خوبرو ہیرو ششی کپور کا انتقال

ممبئی ۔4 ڈسمبر۔( سیاست ڈاٹ کام) بالی ووڈ کے سینئر ایکٹر ششی کپور کا ممبئی کے کوکیلا بین امبانی ہاسپٹل میں انتقال ہوگیا ۔ وہ 79 برس کے تھے ۔ اُن کے بھتیجے اور فلم اداکار رندھیر کپور نے اُن کی موت کی توثیق کی۔ ششی کپور کی پیدائش 1938 ء میں ہوئی تھی ۔ آنجہانی کپور برداران میں سب سے چھوٹے تھے ۔ اُن کے بڑے بھائی راج کپور اور شمی کپور پہلے ہی انتقال کرچکے ہیں۔ گزشتہ کچھ سال سے اُن کی صحت ٹھیک نہیں تھی اور وہ وہیل چیر پر تھے۔ اُن کے پسماندگان میں اُن کے دو بیٹے کنال کپور ، کرن کپور اور ایک بیٹی سنجنا کپور ہیں۔ ششی کپور نے بچپن سے ہی اداکاری شروع کردی تھی جن میں راج کپور کی آوارہ اور اشوک کمار کی سنگرام اُن کی قابل ذکر فلمیں ہیں۔ تاہم نوجوان ششی کپور نے پریم پتر ، یہ دل کس کو دوں ، جب جب پھول کھلے ، شرمیلی ، کبھی کبھی اور دیوار میں اپنی اداکاری سے شائقین کا دل موہ لیا تھا ۔ اُن کی جوڑی شرمیلا ٹیگور ، نندہ کے ساتھ کافی ہٹ رہی اور امیتابھ بچن کے ساتھ بھی انھوں نے اپنے کیرئیر کی بہترین فلمیں دیںجن میں نمک حلال ، شان اور سہاگ سوپر ہٹ رہیں۔ گردوں کے عارضہ میں مبتلا ہونے کے بعد وہ مسلسل ڈائیلاسیس پر تھے ۔ 2011 ء میں اُنھیں پدمابھون اور 2015 ء میں دادا صاحب پھالکے ایوارڈس سے نوازا جاچکا ہے۔ اپنے بھائی آنجہانی راجکپور کی ڈائریکشن میں انھوں نے صرف ایک فلم ستیم شیوم سندرم میں کام کیا اور اپنے کیرئیر میں پہلی بار بطور ڈائرکٹر عجوبہ بنائی جس میں امیتابھ بچن ہیرو تھے لیکن فلم باکس آفس پر فلاپ ثابت ہوئی تھی ۔ اُن کی بیوی آنجہانی جنیفر کینڈل بھی تھیٹر کی ایک معروف شخصیت تھیں۔ جوہو میں واقع پرتھوی تھیٹرز کی دیکھ بھال اُن کے انتقال کے بعد اُن کی بیٹی سنجنا کپور کیا کرتی تھیں۔ ششی کپور نے زائد از 116 فلموں میں اپنے دور کے ہر کامیاب ہیرو اور ہیروئین کے ساتھ کام کیا ۔ رندھیر کپور نے بتایا کہ اُن کی آخری رسومات کل صبح ادا کی جائیں گی ۔