حیدرآباد ، یکم نومبر (پریس نوٹ) بارکس پلے گراؤنڈ پر جمعرات 3 نومبر تا اتوار 6 نومبر کشتیوں کے مقابلے محکمہ پولیس کی سرپرستی میں منعقد کئے جارہے ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس، فلک نما ڈیویژن، حیدرآباد کی طرف سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا کہ جمعرات کو صبح 10 بجے سے شام 5 بجے تک باقاعدہ نگرانکاروں کی نگرانی میں وزن کئے جائیں گے۔ ان مقابلوں میں حیدرآباد و سکندرآباد کے علاوہ تلنگانہ اسٹیٹ کے تمام اضلاع سے لگ بھگ ہر اکھاڑے سے وابستہ پہلوان حصہ لیں گے۔ اگلے روز جمعہ کو بعد نماز مغرب مقابلوں کا آغاز ہوگا جبکہ رکن اسمبلی جناب سید احمد پاشاہ قادری افتتاح کریں گے۔ فائنل مقابلہ اتوار کو مقرر کیا گیا ہے۔ کامیاب پہلوانوں میں کمشنر آف پولیس حیدرآباد مسٹر ایم مہیندر ریڈی کے ہاتھوں انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔ جناب محمد عبدالباری اے سی پی فلک نما کی نگرانی میں تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ ٹورنمنٹ کے دوران اہلیانِ بارکس کی جانب سے طعام کا اہتمام ہر خاص و عام کیلئے کیا گیا ہے۔