بارش میں اضافہ کیلئے یو اے ای میں مصنوعی پہاڑ کی تعمیر

ابوظہبی۔ 3 مئی (سیاست ڈاٹ کام) برج خلیفہ جیسی دنیا کی بلند ترین اور انوکھی عمارت تعمیر کرنے کے بعد متحدہ عرب امارات اب انسانی عقل کو حیران کرنے والا مصنوعی پہاڑ تعمیر کرنے والا ہے جس کے بارے میں یہ کہا جارہا ہیکہ اس کے ذریعہ بارش برسانے والے بادلوں کی تشکیل میں مدد ملے گی اور امارات جیسے صحراؤں سے پُر ملک میں بارش زیادہ ہونے کی وجہ بن جائے گا۔ دستیاب رپورٹس کے مطابق امارات اب دیوہیکل مصنوعی پہاڑ تعمیر کرنے کوشاں ہے۔ صحراؤں کی مسطح ریت والی زمین سے ہوا کو اوپر جاکر بارش کیلئے درکار بادل بنانے میں مشکلات پیش آتی ہیں۔ تاہم مصنوعی پہاڑ کی تعمیر کے بعد مصنوعی بادل کے ذریعہ کسی حد تک بارش برسائی جاسکتی ہے۔ اسی دوران نیشنل سنٹر فار ایٹما سفیرک ریسرچ (NCAR) کے اعلیٰ عہدیدار نے بتایا کہ ہم جو کوششیں کررہے ہیں وہ پہاڑ کی بلندی اور ڈھلانوں پر منحصر ہوگی۔ ابتدائی اقدامات کئے جارہے ہیں اور جلد ہی ہمیں پہلے مرحلہ کی رپورٹ حاصل ہوجائے گی۔