بچوں کے آٹوز پانی میں فیل ہوگئے ، سڑکوں پر پانی سے ٹریفک جام کا سامنا
حیدرآباد۔31اگسٹ (سیاست نیوز ) دونوں شہروں میں شدید بارش کے سبب اسکولوں میں طلبہ کی تعداد کم دیکھی گئی۔ صبح کی اولین ساعتوں سے ہی جاری بارش کے سبب سڑکوں پر پانی جمع رہا جس کی وجہ سے بیشتر اسکول بند رکھے گئے اور جو اسکولس کھلے رہے ان میں اساتذہ اور طلبہ کی تعداد کم ریکارڈ کی گئی قدیم عمارتوں میں چلائے جانے والے اسکولس نے باضابطہ تعطیل کا اعلان کردیا تھا تا کہ کسی بھی طرح کے ناگہانی واقعہ سے محفوظ رہا جا سکے۔ پرانے شہر کے علاوہ نئے شہر کے علاقوں میں موجود اسکولوں کو طلبہ کو پہنچنے میں دشواریاں پیدا ہوتی دیکھی گئی۔ کئی مقامات پر اسکولی طلبہ سے بھرے آٹو رکشا پانی کے سبب فیل کھڑے دیکھے گئے معظم جاہی مارکٹ‘ نامپلی‘ حمایت نگر‘ شاہ علی بنڈہ‘ خلوت‘ کالاپتھر‘ ٹولی چوکی ‘ حکیم پیٹ کے علاوہ عنبر پیٹ ‘ کاچی گوڑہ‘ نبولی اڈہ‘ کارخانہ‘ سکندرآباد کے علاقوں میں موجود اسکولوں میں طلبہ کی کم تعداد اور مسلسل بارش کو دیکھتے ہوئے انتظامیہ کی جانب سے نصف یوم کی تعطیل دیدی گئی۔ شہر حیدرآباد کے بیشتر تعلیمی اداروں میں اساتذہ کی کم تعداد کے سبب اسکولوں کو پہنچنے والے طلبہ کی تعلیم بھی متاثر رہی۔ سرکاری اسکولوں میں بھی جہاں بنیادی سہولتوں کا فقدان ہے ذمہ داران نے اپنے طور پر فیصلہ کرتے ہوئے اسکول پہنچنے والے طلبہ کو واپس گھر روانہ کردیا اور غیر معلنہ تعطیل دیدی گئی کیونکہ بیشتر اسکولوں میں طلبہ کی حاضری کا فیصد 40تک بھی نہیں رہا ۔ دونوں شہروں میں سڑکوں پر پانی جمع ہو جانے کے سبب طلبہ اسکول تک پہنچنے سے قاصر تھے اور اس صورتحال میں کسی کو ذمہ دار بھی قرار دیا جانا درست نہیں ہے۔ خانگی اسکول انتظامیہ طلبہ کی حاضری میں کمی سے پریشان تھا تو والدین و سرپرست موسلادھار بارش کے دوران اپنے بچوں کو اسکول بھیجنے سے قاصر نظر آرہے تھے ۔