بارسلونا۔13 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) سوپر اسٹار لیونل میسی کی ٹیم بارسلونا کو اپنے گھریلو میدان پر نسبتاً غیر معروف ٹیم رئیل بیٹس کے خلاف حیران کن شکست کا سامنا کرنا پڑا اور میسی بھی2گول کرنے کے باوجود اپنی ٹیم کو 4-3کی شکست سے نہ بچا سکے۔ بارسلونا میں کھیلے گئے اس میچ میں مہمان ٹیم نے ابتدائی 20 منٹ میں برتری حاصل کرلی تھی اور پہلا ہاف ختم ہوا تو بارسلونا 2گولز کے خسارے میں جا چکی تھی۔ دوسرے ہاف کے دوران میسی نے ایک گول کرکے یہ خسارہ کم کیا لیکن کچھ ہی دیر بعد جب رئیل بیٹس نے تیسرا گول کیا تو یوں لگ رہا تھا کہ میسی اور ان کے ساتھیوں کو بڑی ناکامی سے دوچار ہونا پڑے گا۔ بارسلونا کے کھلاڑی وڈل نے ایک گول کرکے صورتحال کچھ بہتر بنائی تاہم صرف3 منٹ کے بعد بیٹس کی طرف سے چوتھا گول ہوگیا تو بارسلونا کے کھلاڑی مایوس نظر آنے لگے۔ انجری ٹائم میں میسی کو ایک موقع مل گیا اور وہ اپنا دوسرا اور ٹیم کا تیسرا گول کرنے میں کامیاب تو ہو گئے لیکن اس کے ساتھ میچ بھی اختتام کو پہنچ گیا اور رئیل بیٹس نے 4-3سے کامیابی سمیٹ لی۔