بارباڈوس ٹسٹ میں پاکستان کی بہتر شروعات‘172/3

بارباڈوس۔2 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان نے اظہرعلی اور احمد شہزاد کی عمدہ کارکردگی کی بدولت ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹسٹ کی پہلی اننگز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 172 رنز بنا ئے جبکہ مہمان ٹیم کے پہلی اننگز کے اسکور کو برابر کرنے کے لئے مزید 140 رنز درکار ہیں۔بارباڈوس میں کھیلے جا رہے سیریز کے دوسرے ٹسٹ  میں ویسٹ انڈیز نے 286 رنز چھ کھلاڑی آؤٹ سے اننگز شروع کی تو 132 رنز کی ناقابل شکست شراکت بنانے والے جیسن ہولڈر اور روسٹن چیز نے اپنی اننگز دوبارہ شروع کی لیکن دن کی تیسری ہی گیند پر محمد عابس نے 58 رنز بنانے والے ویسٹ انڈیز کے کپتان ہولڈر کو سرفراز کے ہاتھوں کیچ کرا کر پاکستان کو دن کی پہلی کامیابی دلائی۔تاہم ویسٹ انڈیز کو بڑا دھکا اس وقت لگا جب اگلے اوور میں محمد عامر نے چیس کی 131 رنز کی شاندار اننگز کا خاتمہ کردیا۔لوور آرڈر نے چند اوورز تک مزاحمت کر کے اپنی ٹیم کو 300 کا ہندسہ پار کروایا لیکن محمد عباس نے بشو کو آؤٹ کر کے چوتھی وکٹ حاصل کی۔ یاسر شاہ نے اگلے ہی اوور میں الزاری جوزف کی وکٹیں بکھیر کر 312 رنز پر ویسٹ انڈیز اننگز تمام کردی۔ پاکستان کی جانب سے عباس چار وکٹیں لے کر سب سے کامیاب بولر رہے جبکہ عامر نے تین، یاسر نے دو اور شاداب خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستان نے مشکل وکٹ پر محتاط انداز میں اننگز کا آغاز کیا اور گزشتہ میچ میں ناکامی سے دوچار ہونے والے پاکستانی اوپنرز نے اس مرتبہ ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا۔ اظہر علی اچھی فارم میں نظر آئے جبکہ احمد شہزاد بہت خوش قسمت رہے جنہیں دو مواقع ملے اور وہ آؤٹ ہونے سے بال بال بچ گئے۔ دونوں کھلاڑیوں نے چائے کے وقفے تک کوئی وکٹ نہ گرنے دی اور سنچری شراکت قائم کر کے پاکستان کو مضبوط مقام تک پہنچا دیا۔ جب چائے کا وقفہ ہوا تو پاکستان نے بغیر کسی نقصان کے 106 رنز بنائے تھے، احمد شہزاد 40 اور اظہر 54 رنز پر کھیل رہے تھے جس کے بعد احمد شہزاد نے بھی اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ویسٹ انڈیز کو پہلی کامیابی حاصل کرنے کے لئے خاصا انتظار کرنا پڑا جب دونوں اوپنرز نے 155 رنز کی شراکت تو دویندرا بشو نے احمد شہزاد کو آوٹ کردیا۔ احمد شہزاد 70 رنز بنا کر آوٹ ہوئے جس کے بعد نوجوان بلے باز بابراعظم میدان میں اترے اور صفر پر ہی گیبرئیل کا نشانہ بن کر واپس پویلین لوٹ گئے۔پاکستان کو جلد ہی تیسرا نقصان بھی برداشت کرنا پڑا جب ریکارڈساز یونس خان بھی بشو کی گیند پر کھاتہ کھولے بغیر آؤٹ ہوئے تاہم کپتان مصباح نے اس کے بعد کریز پر قدم جمائے رکھا اور اظہرعلی کے ساتھ مل کر دوسرے روز مزید وکٹ گرنے نہیں دی۔ بارباڈوس میں کم روشنی کے باعث دوسرے دن کا کھیل مقررہ وقت سے پہلے ختم کردیا گیا تو پاکستان نے 3 وکٹوں پر 172 رنز بنا لئے تھے۔اظہرعلی 81 اور مصباح الحق 7 رنز بنا کر کھیل رہے تھے۔واضح رہے کہ سیریز کا پہلا میچ جیتنے والی پاکستانی ٹیم کوسیریز میں  1-0 کی برتری حاصل ہے اور یہ میچ جیت کر پاکستان پہلی مرتبہ ویسٹ انڈیز میں سیریز جیتنے کی تاریخ رقم کر سکتی ہے۔