جڑچرلہ۔/28مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حلقہ اسمبلی جڑچرلہ میں واقع گنجان علاقہ بادے پلی کو بلدیہ کا درجہ دیا گیا ہے۔ اس سلسلہ میں نگر پنچایت بادے پلی کی کمشنر مسز سنیتا کو محکمہ میونسپل اربن ڈپارٹمنٹ کی جانب سے احکام موصول ہوئے۔ بادے پلی کو مجلس بلدیہ کا درجہ حاصل ہونے سے یہاں تیز رفتار ترقی کے قوی امکانات ہیں ۔ وزیر صحت ڈاکٹر سی لکشما ریڈی کی خصوصی دلچسپی کے باعث بادے پلی میں بڑے پیمانے پر ترقیاتی کاموں کو انجام دیا جارہا ہے۔
برقی کھمبے سے کار ٹکرا گئی
چار افراد زخمی
اوٹنور۔28۔ مارچ(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)عادل آباد سے آصف آباد جا رہی کار کا اسٹیرنگ اچانک ٹوٹ جانے سے اوٹنور منڈل کے حسنا پور میں کار برقی کھمبے سے جا ٹکرائی جس کے نتیجہ میں برقی کھمبا ٹوٹ کر کار پر گرنے سے کار کو کافی نقصان پہنچا ۔ کار میں سوار چار افراد جس میں تین خواتین بھی شامل ہیں زخمی ہو گئے جنھیں اوٹنور کے سرکاری دواخانہ بذریعہ ایمبولینس منتقل کیا گیا۔