حیدرآباد ۔ /8 جولائی (سیاست نیوز) نوٹ برائے ووٹ اسکام کے خلاف ڈائرکٹر جنرل اینٹی کرپشن بیورو مسٹر اے کے خان کی بہترین کارکردگی سے مطمئن ہوکر چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ انہیں ڈائرکٹر جنرل پولیس کے عہدہ پر فائز کرنے کیلئے غور کررہے ہیں ۔ ریاست بھر میں تلنگانہ حکومت کی جانب سے دی جانے والی افطار پارٹی کیلئے انہیں اسپیشل ٹاسک فورس کا سربراہ بنایا گیا ہے ۔ 1981 ء کے آئی پی ایس بیاچ سے تعلق رکھنے والے مسٹر اے کے خان سابق میں کئی اہم عہدوں پر فائز رہے ہیں جس میں کمشنر پولیس حیدرآباد ، ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل آف پولیس لا اینڈ آرڈر ، وائس چیرمین اور منیجنگ ڈائرکٹر اے پی ایس آر ٹی سی ، ایڈیشنل کمشنر آف پولیس ٹریفک اور لا اینڈ آرڈر حیدرآباد سٹی قابل ذکر ہیں ۔ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے بعد انہیں مرکزی حکومت نے آئی پی ایس عہدیداروں کی تقسیم کے دوران انہیں تلنگانہ کیڈر الاٹ کیا تھا اور انہیں فوری ڈائرکٹر جنرل آف پولیس اینٹی کرپشن بیورو مقرر کیا گیا تھا ۔ موجودہ ڈائرکٹر جنرل آف پولیس مسٹر انوراگ شرما جنہیں عارضی طور پر ریاستی پولیس سربراہ بنائے جانے کے بعد مارچ 2015 ء میں تلنگانہ حکومت نے مکمل وقتی ڈائرکٹر جنرل آف پولیس کے تقرر کیلئے 6 آئی پی ایس عہدیداروں کے نام یونین پبلک سرویس کمیشن کو روانہ کئے تھے جن میں موجودہ ڈائرکٹر جنرل آف پولیس مسٹر انوراگ شرما (1982 ء) ، ٹی پی داس (1979 ء) ، مسٹر اے کے خان (1981 ء) مسٹر کوڑے درگا پرساد (1981 ء) ، نونت رجن واسن (1980 ء) اور ارونا بہوگنا (1979ء) شامل ہیں ۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ مکمل وقتی ڈی جی پی کے تقرر کیلئے مسٹر اے کے خان کے نام کیلئے سنجیدگی سے غور کیا جارہا ہے اور انہیں ریاستی پولیس سربراہ بنائے جانے کا امکان ہے ۔