گوالیار (ایم پی) ، 21 مئی (سیاست ڈاٹ کام) نئی دہلی ۔ وشاکھاپٹنم اے پی اکسپریس کے دو کوچس کو آج اِس ضلع میں برلانگر اسٹیشن کے قریب آگ لگ گئی لیکن کوئی بھی زخمی نہیں ہوا ہے، ایک پولیس عہدہ دار نے یہ بات کہی۔ نارتھ سنٹرل ریلوے کے چیف پی آر او گورو کرشنا بنسل نے نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا کہ اس مکمل ایرکنڈیشنڈ ٹرین کے دو کوچس B-6 اور B-7 کو دوران سفر 11:45 بجے دن کسی طرح آگ لگ گئی جس پر بعض مسافرین نے ایمرجنسی چین کھینچ کر ٹرین روک دی اور فوری ٹرین سے اتر گئے۔ ڈی ایس پی نونیت بھاسن جو جائے واقعہ پر پہنچ گئے اور بتایا کہ دونوں کوچس کی آگ بجھادی گئی ہے۔ ریلوے کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا کہ غالباً کوچ B-7 کے ٹائیلٹ پر ایرکنڈیشنگ یونٹ سے یہ آگ بھڑک اٹھی تھی ۔