اے ٹی ایم کارڈس کا غلط استعمال و دھوکہ،مغربی بنگال کی تین رکنی ٹولی گرفتار

حیدرآباد 3 مئی (سیاست نیوز) سنٹرل کرائم اسٹیشن (سی سی ایس) پولیس کی سائبر کرائم ٹیم نے اے ٹی ایم کارڈس کے غلط استعمال اور دھوکہ دہی میں ملوث دھوکہ بازوں کی تین رکنی ٹولی کو مغربی بنگال سے گرفتار کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 28 سالہ بدیوتھ گھوش، 32 سالہ بنود پاترا اور 21 سالہ شہباز خان متوطن مغربی بنگال خود کو بینک ایکزیکٹیو اور عہدیدار ظاہر کرتے ہوئے اے ٹی ایم کارڈس رکھنے والے افراد کو فون کرکے یہ دعویٰ کیا کرتے تھے کہ اُن کا بینک کھاتہ آدھار کارڈ اور دیگر تفصیلات کی عدم فراہمی سے غیرکارکرد ہوسکتا ہے۔ اِس ضمن میں وہ بینک صارفین سے اے ٹی ایم کارڈس کی تفصیلات بشمول او ٹی پی اور سی وی وی نمبرات حاصل کرتے ہوئے اُس کا آن لائن خریدی میں غیرقانونی استعمال کرتے تھے۔ سائبر کرائم پولیس نے بتایا کہ مذکورہ دھوکہ بازوں کے خلاف گوشہ محل کے ساکن 52 سالہ بالاجی نے شکایت درج کروائی جس میں یہ بتایا گیا کہ اُن کے اسٹیٹ بینک آف انڈیا ڈیبٹ کارڈ کا غلط استعمال کرتے ہوئے 3 لاکھ 79 ہزار کا غلط استعمال کیا گیا۔ سائبر کرائم پولیس نے اِس سلسلہ میں مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا تھا اور دھوکہ بازوں کے موبائیل فون نمبرات و دیگر تفصیلات کی مدد سے اُنھیں مغربی بنگال میں گرفتار کرکے شہر منتقل کیا۔ بعدازاں عدالت میں پیش کرتے ہوئے جیل بھیج دیا۔