اے ٹی ایم میں خاتون کو نشانہ بنانے والا رہزن گرفتار

حیدرآباد۔21مئی (سیاست نیوز) یوسف گوڑہ علاقہ کے اے ٹی ایم سنٹر میں کل پیش آئے رہزنی کی واردات میںملوث رہزن کو اندرون 24 گھنٹے گرفتار کرنے میں ٹاسک فورس پولیس نے کامیابی حاصل کرلی۔ کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر ایم مہندر ریڈی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ 21 سالہ پدا پلی شیوا کمار ریڈی ساکن سائی درگا ہاسٹل امیرپیٹ وائی ایس آر (کڑپہ ) ڈسٹرکٹ کا متوطن ہے اور وہ پرتعیش زندگی گذارنے کا عادی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ شیو کمار نے 20 مئی کو خاتون سافٹ ویر انجینئر 24 سالہ کماری چنتا سری للیتا ساکن دیکشا سدن لیڈیز ہاسٹل کو اس وقت نشانہ بنایا جب وہ یوسف گوڑہ علاقہ میں واقع ویلیو مارٹ ایس بی آئی اے ٹی ایم سنٹر میں نقد رقم نکالنے کی غرض سے داخل ہوئی تھی۔ مسٹر مہندر ریڈی نے بتایا کہ شیو کمار ریڈی نے سری للیتا کو دھمکانے کیلئے دیسی ساختہ پستول سے ایک راونڈ فائر کیا اور بعدازاں طلائی زیورات اور اے ٹی ایم کارڈ اور موبائیل فون لوٹ کر فرار ہوگیا ۔ انہوں نے بتایا کہ خاتون سافٹ ویر انجینئر کو نشانہ بنانے کی غرض سے شیو کمار ریڈی اے ٹی ایم سنٹر میں نقاب لگا کر داخل ہوا تھا تا کہ اس کی شناخت نہ ہوسکے ۔ شیو کمار ریڈی جو پرتعیش گذارنے کا عادی ہے معصوم عوام کو دھمکا کر لوٹنے کی غرض سے مہاراشٹرا سے 25 ہزار روپئے میں دیسی ساختہ پستول خریدا اور اسے حیدرآباد منتقل کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ گرفتار رہزن سے مزید تفتیش کی جائے گی کیونکہ اس قبضہ سے دیگر افراد کے بھی اے ٹی ایم کارڈس برآمد ہوئے ہیں۔