اے ٹی ایم سے چھیڑ چھاڑ کرکے رقم ہڑپنے کا شاخسانہ

پانچ رکنی شاطر ٹولی گرفتار، کمشنر ٹاسک فورس پولیس کی کارروائی
حیدرآباد 17 ڈسمبر (سیاست نیوز) کمشنر ٹاسک فورس پولیس نے بین ریاستی دھوکہ بازوں کی 5 رکنی ٹولی کو گرفتار کرلیا جو بینک اے ٹی ایم سے چھیڑ چھاڑ کرتے ہوئے شاطرانہ انداز میں ڈیبٹ کارڈ فراڈ کے ذریعہ نقد رقومات ہڑپ رہے تھے۔ کمشنر پولیس حیدرآباد انجنی کمار نے کہاکہ 23 سالہ اخلاق احمد اور اُس کے 5 ساتھی منجیت اور توفیق جن کا تعلق ہریانہ سے ہے، دیگر دو افراد تسلیم اور شاکر محمد متوطن راجستھان بُری عادتوں کا شکار تھے جس کے نتیجہ میں اے ٹی ایم مشینوں کو نشانہ بنانے لگے۔ اُنھوں نے کہاکہ اِس ٹولی کا سرغنہ اخلاق احمد ہے جو آئی ٹی آئی طالب علم ہے اور ایک ٹولی کی شکل میں ایسے اے ٹی ایم سنٹرس کو نشانہ بنایا کرتے تھے جہاں سکیورٹی گارڈ نہ ہو۔ کمشنر پولیس نے کہاکہ مذکورہ ٹولی کی شاطرانہ انداز میں بینکوں کو دھوکہ دینے کا واقعہ پہلی مرتبہ منظر عام پر آیا ہے جس میں دھوکہ بازوں کی ٹولی کے ارکان مخصوص اے ٹی ایم سنٹرس میں داخل ہوکر اپنے رشتہ دار، دوست اور دیگر افراد کے ڈیبٹ کارڈس کا استعمال کرتے ہوئے اے ٹی ایم مشین سے نقد رقم حاصل کرتے اور اِس کارروائی کے دوران اے ٹی ایم مشین میں اندرون چند منٹ ایسی چھیڑ چھاڑ کرتے جس سے ٹرانزکشن فیلڈ (Transaction Failed) پیام موصول ہوتاآر بی آئی قوانین کے مطابق یہ پیام موصول ہونے والے بینک گاہک کو بینک کی جانب سے رقم لوٹانا لازم ہے۔ اور اس کارروائی کے دوران اے ٹی ایم مشین پر موجود سی سی ٹی وی کیمرہ پر ہاتھ رکھ دیا کرتے تھے تاکہ اُن کی شناخت نہ ہوسکے۔ انجنی کمار نے کہاکہ شاطر دھوکہ بازوں کی ٹولی نے 7 سے زائد اے ٹی ایم مشینوں کو نشانہ بنایا تھا اور ٹاسک فورس پولیس نے خفیہ اطلاع پر اُنھیں گرفتار کیا ہے۔ کمشنر نے کہاکہ گرفتار ملزمین کے قبضہ سے 31 ڈیبٹ کارڈس ضبط کئے گئے ہیں جنھیں مسلسل نقد رقومات ہڑپنے کے لئے استعمال کیا جارہا تھا۔ اُنھوں نے کہاکہ حیدرآباد پولیس کی جانب سے اسٹیٹ بینک آف انڈیا (ایس بی آئی) اور دیگر بینکوں کو مکتوب روانہ کئے جارہے ہیں جس میں ٹرانزکشن فیلڈ ہونے والے گاہکوں کی نشاندہی کرتے ہوئے اُن کی تحقیقات کریں۔