وشاکھاپٹنم ۔ 6اپریل ( پی ٹی آئی) پولیس کے سائبر کرائم تحقیقاتی سیل ( سی سی آئی سی ) نے یہاں ایک کھاتہ دار کے گمشدہ اے ٹی ایم کارڈ سے دھوکہ دہی کے ذریعہ 20ہزار روپئے نکالنے والے ایک ہوم گارڈ کو گرفتار کرلیا ۔ اس ہوم گارڈ کی شناخت بدوموری انیل بابو کی حیثیت سے کی گئی ہے ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پولیس ( کرائم) ایس وردا راجو نے کہا کہ شکایت گذار 72سالہ کے سومیشور راؤ 8ڈسمبر 2014ء کو علاج کیلئے ایک ڈاکٹر سے رجوع ہوا تھا ۔ ڈاکٹر سے مشاورت کے بعد ادویات کی خریدی کیلئے میڈیکل اسٹور پہنچا تھا جہاں غلطی سے اس کا ڈیبٹ کارڈ گم ہوگیا تھا اور انیل بابو جو قریب ہی موجود تھا یہ کارڈ اٹھا لیا تھا ۔ راؤ نے چونکہ اے ٹی ایم کے لفافہ پر کوڈ نمبر درج کیا تھا جس کی مدد سے انیل بابو نے اس کا چار مرتبہ استعمال کرتے ہوئے 20,000 روپئے نکالا تھا لیکن پولیس سی سی ٹی وی فٹیج کی مدد سے اس ہوم گارڈ کا پتہ چلالیا ۔