اے وی ایم مشینوں میں ہیرا پھیری کی تحقیقات کا مطالبہ

نظام آباد:25؍ فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز )مجلس بچاؤ تحریک نظام آباد کے قائدین عبدالقادر ساجد ضلع صدر ، میر بشارت علی ٹاؤن صدر، جنرل سکریٹری عبدالباسط، زین العابدین،( نعیم بھائی)، شیخ انور خازن، نصیب خان عمران جوائنٹ سکریٹری ٹاؤ ن اور کارکنوں کا ایک جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں حیدرآباد GHMC انتخابات میں غنڈہ گردی ، پولیس اور حکومت سے ساز باز AVM مشینوں میں ہیرا پھیری کی سخت مذمت کی گئی۔ الیکشن کمیشن سے AVM مشینوں میں گڑ بڑ کی تحقیقات کرنے کی مانگ کی گئی۔ اجلاس میں اس بات کا بھی اظہار کیاگیا کہ تحریک کے امیدواروں کو ہرانے کیلئے دولت کا بے دریغ استعمال کیاگیا۔ رشوت کے ذریعہ پولیس اور عہدیداروں کو خریدا گیا۔ حکومت کے ساتھ ساز باز اور ووٹنگ مشینوں میںگڑ بڑ کے ذریعہ کامیابی حاصل کی گئی۔ لیکن الحمداللہ تحریک کو آج بھی عوامی تائید وحمایت حاصل ہے۔ اجلاس میں پارٹی قیادت ڈاکٹر قائم خان صدر مجلس بچاؤ تحریک جناب مجید اللہ خان فرحت ترجمان تحریک اور قائد تحریک جناب امجد اللہ خان خالد کی قیادت پر بھر پور اعتماد کا اظہار کیاگیا۔ مجلس بچاؤ تحریک نظام آباد مذکورہ قائدین کی رہنمائی میں ظلم وناانصافی اور ملت فروشی کے خلاف جدوجہد جاری رکھے گی۔ MBT کارکنوں کی کثیر تعداد نے اجلاس میں شرکت کی۔